کھیل

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان

اسکواڈ میں عامر جمال اور نعمان علی کی واپسی، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف ملتان میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا جس کے لیے پاکستان کے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

اسکواڈ کے اعلان کے بعد ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی تجویز پر منتخب کھلاڑیوں کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے پلے آف سے دستبردار کرا لیا گیا ہے تاکہ انہیں سیریز سے قبل کچھ آرام مل سکے اور کسی انجری سے بھی محفوظ رہیں۔

اسکواڈ پیر 30 ستمبر کو ملتان میں جمع ہو گا جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔

اسکواڈ میں 15 ٹیسٹ میچوں میں 47 وکٹیں لینے والے اسپنر نعمان علی کو انجری کا شکار خرم شہزاد کی جگہ شامل کیا گیا ہے جبکہ انجری سے صحتیاب ہونے کے بعد آل راؤنڈر عامر جمال کو بھی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

اسکواڈ سے کامران غلام اور محمد علی کو ڈراپ کردیا گیا جو بنگلہ دیش کےخلاف سیریز میں اسکواڈ کا حصہ تھے اور انہیں تین اکتوبر سے شروع ہونے والے پریذیڈنٹ کپ میں اپنی ٹیموں کی نمائندگی جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا ہے کہ مصروف ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ شیڈول کو مدنظر کھرتے ہوئے ہمیں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنے کھلاڑیوں کو آرام دینے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم انگلینڈ کے خلاف پاکستان میں سیریز اور اپنے پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنے کے لیے شدت سے منتظر ہیں۔

پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

شان مسعود(کپتان)، سعود شکیل(نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال، ابرار احمد، میر حمزہ، نسیم شاہ اور نعمان علی۔