کھیل

محمد یوسف قومی ٹیم کے سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی

ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفی دے رہا ہوں، پاکستان ٹیم کے لیے خدمات انجام دینا فخر کی بات ہے، سابق کرکٹر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے قومی ٹیم کے سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

محمد یوسف نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے استعفی دے رہے ہیں، پاکستان ٹیم کے لیے خدمات انجام دینا اعزاز کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کرکٹ کی ترقی میں کردار ادا کرنے پر فخر ہے، جب کہ مجھے اپنے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ اور جذبے پر بے پناہ بھروسہ ہے۔

محمد یوسف نے قومی ٹیم کے لیے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے محمد یوسف کے استعفیٰ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی سی بی میں دیگر اہم ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔

پی سی بی کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا کہ کرکٹ بورڈ محمد یوسف کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے سلیکشن کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے گرانقدر خدمات انجام دیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ محمد یوسف کرکٹ بورڈ میں اہم ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے اور ہائی پرفارمنس سینٹر میں بطور بیٹنگ کوچ اپنے تجربے کو بروکار لاتے ہوئے خدمات سرانجام دیں گے۔

واضح رہے کہ محمد یوسف کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بلے بازوں میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998 سے 2010 تک اپنے کیریئر میں 7530 ٹیسٹ رنز اور 9720 ون ڈے رنز اسکور کیے۔

محمد یوسف کو ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال (2006) میں سب سے زیادہ 1788 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔