دنیا

ویتنام: چڑیا گھروں میں برڈ فلو کے باعث 47 چیتے ہلاک

2022 سے ممالیہ جانوروں میں انفلوئنزا بشمول ایچ فائیو این ون کی وجہ سے مہلک وباؤں کی رپورٹوں میں اضافہ ہوا ہے، عالمی ادارہ صحت

جنوبی ویتنام کے چڑیا گھروں میں ایچ فائیو این ون برڈ فلو وائرس کی وجہ سے 47 چیتے، 3 شیر اور ایک تیندوا ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے ویتنام کی سرکاری خبررساں ایجنسی (وی این اے) کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جانوروں کی ہلاکتیں اگست اور ستمبر میں ویتنام کے صوبے لانگ آن کے نجی سفاری پارک اور ڈونگ نائی کے چڑیا گھروں میں ہوئی۔

نیشنل سینٹر فار اینیمل ہیلتھ کے ٹیسٹ نتائج کے مطابق جانوروں کی ہلاکتیں ایچ فائیو این ون وائرس کی اے ٹائپ سے ہوئی ہیں، تاہم اے ایف پی کے رابطہ کرنے پر چڑیا گھر کے حکام نے جواب دینے سے گریز کیا۔

وی این اے کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جانوروں کے قریب رہنے والے چڑیا گھر کے عملے میں سے کسی بھی شخص کو سانس لینے میں دشواری کی کوئی شکایات لاحق نہیں ہوئی۔

ویتنام کی جنگلی حیات کے تحفظ پر مرکوز این جی او کے مطابق 2023 کے آخر تک ویتنام کے چڑیا گھروں میں 385 شیر موجود تھے، جن میں سے تقریباً 310 کو نجی فارموں اور چڑیا گھروں میں رکھا گیا جبکہ باقی سرکاری مرکز میں موجود ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ 2022 سے ممالیہ جانوروں میں انفلوئنزا بشمول ایچ فائیو این ون کی وجہ سے مہلک وباؤں کی رپورٹوں میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ویتنام نے مارچ میں ڈبلیو ایچ او کو اس وائرس سے انسانی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔