لائف اسٹائل

پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کو بھارت میں ریلیز ہونے سے روک دیا گیا

ریلیز کے بعد یہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں بھارتی اسکرینوں پر آنے والی پہلی پاکستانی فلم بن جاتی۔

مقبول پاکستانی اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کی بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو بھارت میں ریلیز ہونے سے روک دیا گیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی پنجاب میں ریلیز ہونے والی تھی، جو ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں بھارتی اسکرینوں پر آنے والی پہلی پاکستانی فلم بن جاتی۔

18 ستمبر کو فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری نے اعلان کیا تھا کہ یہ فلم زی اسٹوڈیوز کی جانب سے بھارتی ریاست پنجاب میں ریلیز کی جائے گی۔

بھارتی پنجاب میں فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز کے اعلان کے ساتھ ہی بعض انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے فلم کی مخالفت کی جارہی تھی، ان گروہ کی جانب سے خبردرا کیا گیا تھا کہ اگر فلم ملک میں دکھائی گئی تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔

ایم این ایس سنیما ونگ کی صدر امیہ کھوپکر نے غیر ملکی فنکاروں پر بھارتی ٹیلنٹ کو ترجیح دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے فوجی سرحدوں پر مر رہے ہیں اور ہمارے شہروں پر حملے ہو رہے ہیں، ہمیں یہاں پاکستانی اداکاروں کی ضرورت کیوں ہے؟ کیا ہمارے پاس کافی ٹیلنٹ نہیں ہے؟

انہوں نے بھارت میں سینما مالکان کوخبر دار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فلم کی نمائش پر نظر ثانی کریں، مزید کہنا تھا کہ اگرچہ آرٹ اور سیاست الگ ہیں لیکن پارٹی بھارتی فوجیوں کی قیمت پر پاکستانی فلموں کی نمائش کے خیال کی حمایت نہیں کرتی۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا پاکستان سے بھارت تک کا سفر طویل ہے لیکن فلم کی کامیابی ناقابل تردید ہے، فلم پاکستان میں 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز ہوئی اور جلد ہی اگست 2023 تک دنیا بھر میں 400 کروڑ روپے سے زائد کلکشن کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی۔

یہ فلم 1979ء میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’مولا جٹ‘ کا سیکوئل یا ری میک تو نہیں ہے، بلکہ اس فلم کے کرداروں پر مبنی ایک نئی کہانی کو تخلیق کیا گیا ہے، جس کو فلم کی زبان میں ری بوٹ کہا جاتا ہے۔

گزشتہ برس ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو ’ یورپی ملک ناروے میں ہونے والے سالانہ ’بولی وڈ فلم فیسٹیول‘ میں بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

فلم کی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک، گوہر رشید و دیگر اداکار شامل ہیں۔