پاکستان

پیپلزپارٹی کے عبید اللہ گورگیج بلوچستان اسمبلی کی رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھے

الیکشن ٹربیونل نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 44 کے 16 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا۔

پیپلزپارٹی کے عبید اللہ گورگیج بلوچستان اسمبلی کی رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

بلوچستان ہائی کورٹ کےالیکشن ٹربیونل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 44 کے 16 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا۔

الیکشن ٹربیونل کی جانب سے پی بی 44 کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد پیپلز پارٹی کے عبیداللہ گورگیج رکن بلوچستان اسمبلی نہیں رہے، عبیداللہ گورگیج کی کامیابی کو نیشنل پارٹی کےعطا محمد بنگلزئی نے چیلنج کیا تھا۔

واضح رہے کہ 8 فروری 2024 کو ہونے والےعام انتخابات میں پیپلزپارٹی کے عبید اللہ گورگیج 7ہزار 125 ووٹ لے کر بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے جبکہ ان کےمدمقابل نیشنل پارٹی کے عطا محمد بنگلزئی نے 6 ہزار 385 ووٹ حاصل کیے تھے۔

بعدازاں، نیشنل پارٹی کے عطا محمد بنگلزئی نے بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کرتے ہوئے عبید اللہ گورگیج کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔

انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ فارم 45 کے نتائج میں وہ کامیاب قرار پائے تھے، تاہم فارم 47 میں دھاندلی کرکے عبیداللہ گورگیج کامیاب قرار دے دیا گیا تھا۔