پاکستان

ایس ای او اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج ملکی مفاد میں نہیں، مصطفیٰ کمال

سرمایہ کاری کے لیے دوست ممالک سے وفود پاکستان آرہے ہیں لیکن ملک دشمن پاکستان میں استحکام نہیں چاہتے، ایم کیو ایم رہنما کی پریس کانفرنس

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما مصطفیٰ کمال نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس ای او) اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کا احتجاج ملکی مفاد میں نہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سیاست سے اختلاف نہیں، احتجاج سیاست کا حصہ ہے، ہماری سیاست اور شکایات ملک کے وقار اور سالمیت سے اوپر نہیں، ملک ہے تو ہماری سیاست ہے، جمہوریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی فوج کو ختم کردیا تو ان ممالک کے حالات ہم نے دیکھے ہیں، پاکستان کا معاشی مسئلہ کسی سے چھپا ہوا نہیں، فلسطینیوں اور کشمیریوں کے لیے پاکستان ہی آخری امید ہے۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ تمام ریاستی ادارے ملک کے استحکام کے لیے کوششیں کررہے ہیں، جس کے اثرات بھی سامنے آرہے ہیں، ڈالر اپنی جگہ رک گیا ہے، اسٹاک ایکسچینج میں بہتری آرہی ہے اور مہنگائی بھی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی مہینے اسلام آباد میں شنگھائی کانفرنس سمٹ ہورہا ہے جس میں کئی سربراہان مملکت اور ان کے وفود پاکستان آئیں گے، پاکستان اس دن دنیا کی نظروں میں ہوگا اور پاکستان پر لوگوں کا اعتماد مضبوط ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے ممالک سے وفود انویسٹمنٹ کے لیے آرہے ہیں،اس کا فائدہ پاکستان کا ہوگا لیکن ملک دشمن پاکستان میں استحکام نہیں چاہتے۔