لائف اسٹائل

فراڈ کے معاملے پر نازش جہانگیر نہیں، ان پر الزام لگانے والا غلط ہوگا، مائرہ خان

الزام لگانے والے شخص کی جانب سے نازش جہانگیر کو پیسے اور گاڑی دینے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس شخص کی نیت ہی خراب تھی، اداکارہ

اداکارہ مائرہ خان نے کہا ہے کہ نازش جہانگیر پر فراڈ اور جھانسے کے الزامات لگانے والے اداکار کے دعوے درست نہیں ہوں گے، نازش جہانگیر غلط نہیں ہوں گی لیکن اداکارہ کو سامنے آکر وضاحت دینی چاہیے۔

مائرہ خان نے حال ہی میں ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں نازش جہانگیر پر دھوکا دینے کے الزام کے معاملے پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ عوام کو نازش جہانگیر اور اس پر الزامات لگانے والے نئے اداکار کے بارے میں بات ہی نہیں کرنی چاہیے، ان کا آپس کا معاملہ تھا، دوسروں کا اس میں کوئی واسطہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نازش جہانگیر کو اس بات کا سبق ملنا چاہیے کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا اور ساتھ ہی اس اداکار کو بھی سبق ملنا چاہیے کہ انہوں نے بھی ایسا کیوں کیا؟

مائرہ خان کے مطابق لڑکے نے اپنی لالچ میں نازش جہانگیر کو سب کچھ دیا اور جب اس کا مطلب پورا نہ ہوا تو انہوں نے اداکارہ پر الزامات لگائے، انہیں بدنام کیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اداکارہ نہیں بلکہ وہ شخص خراب تھا، جس نے نازش جہانگیر پر الزامات لگائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نازش جہانگیر کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، انہیں احتیاط سے کام لینا چاہیے تھا، وہ معروف شوبز شخصیت تھی، ان کا نام تھا، انہیں اپنا نام اور کیریئر خراب نہیں کرنا چاہیے تھا۔

مائرہ خان نے کہا کہ دھوکے اور جھانسے کے معاملے پر نازش جہانگیر کو سامنے آنا چاہیے تھا اور اسے الزام لگانے والے شخص کی سچائی بتانی چاہیے تھی۔

ان کے مطابق اداکارہ سامنے آتیں اور کہتیں کہ گاڑیاں، دوسرے تحائف اور پیسے دینے والے شخص کو ڈراموں میں کسی نے کاسٹ نہیں کرنا چاہا، وہ ہیرو نہیں بن سکتے، اس میں ان کی کوئی غلطی نہیں لیکن نہ جانے کیوں اداکارہ سامنے نہیں آ رہیں؟

انہوں نے دلیل دی کہ نازش جہانگیر نے بندوق کے زور پر شخص سے گاڑی اور پیسے نہیں لیے تھے بلکہ الزام لگانے والے نے اپنی محبت اور پیار میں سب کچھ دیا تو اس میں اداکارہ کی کوئی غلطی نہیں۔

مائرہ خان نے کہا کہ اداکارہ پر الزامات لگانے والے شخص کی غلط بات ہے، انہوں نے کیوں اداکارہ کو پیسے دیے، انہیں قیمتی تحائف دیے۔

ان کے مطابق اگر مذکورہ شخص پیسے دینے کے باوجود اداکار اور ہیرو نہیں بن سکے تو کیا ہوا، سوشل میڈیا پر آکر اداکارہ پر الزامات لگا کر انہوں نے شہرت حاصل کرلی، اب ہر جگہ ان کی باتیں ہو رہی ہیں۔

مائرہ خان نے کہا کہ نازش جہانگیر پر الزام لگانے والے شخص کا مطلب پورا ہوگیا، وہ جو شہرت چاہتے تھے، انہیں مل گئی، آج ہر کوئی ان کی بات کر رہا ہے، وہ مشہور ہوگئے، اب وہ گاڑی اور پیسوں کو بھول جائیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ستمبر میں لاہور کی مقامی عدالت نے نازش جہانگیر کے خلاف دائر فراڈ کے مقدمے میں ان کی ضمانت مسترد کردی تھی۔

ان کے خلاف ابھرتے ہوئے اداکار اسود ہارون نے فراڈ کا مقدمہ دائر کیا تھا، بعد ازاں ایک انٹرویو میں مذکورہ اداکار نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے گزشتہ چند سال میں نازش جہانگیر کو لاکھوں روپے نقد اور 50 لاکھ سے زائد مالیت کی گاڑی اور دیگر قیمتی تحائف بھی دیے، اداکارہ نے انہیں شوبز میں بطور ہیرو متعارف کرانے کا وعدہ کیا تھا۔

فراڈ کے مقدمے میں نازش جہانگیر کی عبوری ضمانت خارج

نازش جہانگیر نے شوبز میں متعارف کرانے کا جھانسہ دے کر رقم اور گاڑی لوٹی، اداکار کا دعویٰ

بہت سارے لڑکوں کے ساتھ جگری دوستی ہے، نازش جہانگیر