پاکستان

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی زین قریشی بطور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مستعفی

آزادانہ، شفاف انکوائری اور پارٹی حامیوں کے جذبات کو تسلیم کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا، پارٹی، عمران خان اور اپنے والد کا وفادار تھا اور رہوں گا، زین قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق زین قریشی نے پی ٹی آئی کی جانب سے شو کاز نوٹس ملنے پر عہدے سے استعفیٰ دیا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ پارٹی کی جانب سے بھیجے گئے شو کاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے، آزادانہ، شفاف انکوائری اور پارٹی حامیوں کے جذبات کو تسلیم کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی پارٹی، اپنے لیڈر عمران خان اور اپنے والد کے وفادار تھے اور رہیں گے۔

واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو پی ٹی آئی نے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی پر اپنے 4 اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں جواب طلب کیا تھا۔

پی ٹی آئی کی طرف سے شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی کے علاوہ اسلم گھمن، مقداد علی اور ریاض فتیانہ کو شو کاز نوٹس جاری کیے گئے تھے۔

نوٹس پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی پر جاری کیے گئے تھے جس میں تمام اراکین پارلیمنٹ کو 26 ویں آئینی ترمیم کی حمایت سے منع کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی نے چاروں اراکین قومی اسمبلی سے 7 روز میں شوکاز نوٹس کا جواب طلب کیا ہے۔