اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 91 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں زبردست تیزی کا رجحان مسلسل کئی روز سے برقرار ہے، آج بھی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 961 پوائنٹس اضافے سے تاریخ کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 47 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 664 پوائنٹس یا 0.74 فیصد اضافے کے بعد 90 ہزار 859 پر پہنچ گیا۔
بعد ازاں، دوپہر تقریباً 12 بج کر 5 منٹ پر انڈیکس مزید بہتری کے بعد 961 پوائنٹس یا 1.07 فیصد بڑھ کر 91 ہزار 157 پر پہنچ گیا۔
تاہم، مسلسل دوسرے روز کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 91 ہزار کی سطح برقرار نہیں رکھ سکا اور 668 یا 0.74 فیصد اضافے کے ساتھ 90 ہزار 864 پر پہنچا، جو گزشتہ روز 90 ہزار 195 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 91 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔
تاہم تیزی کا یہ رجحان برقرار نہ رہ سکا تھا اور کاروبار کا اختتام 201 پوائنٹس یا 0.22 فیصد اضافے سے 90 ہزار 195 پر بند ہوا تھا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے نوٹ کیا تھا کہ توقع سے بہتر کاپوریٹ منافع کے علاوہ نومبر اور دسمبر میں شیڈول اگلے زری پالیسی اجلاس میں شرح سود میں بڑی کمی کے امکان کے پیش نظر اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل بہتری کا رجحان جاری ہے۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر تحقیق اویس اشرف کا کہنا تھا کہ شرح سود میں ممکنہ کمی اور کارپوریٹ سیکٹر کی مضبوط آمدنی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔
اس سے قبل 25 اکتوبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 110 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 90 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا تھا۔
تاہم کاروباری ہفتے کے اختتام پر انڈیکس 6 پوائنٹس کے فرق سے 90 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کیے بغیر 1047 پوائنٹس کے اضافے سے 89 ہزار 994 کی سطح پر بند ہوا تھا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے کہا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ نے حالیہ تاریخ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اور انڈیکس 38 ہزار سے 90 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گیا، یہ دو برس سے بھی کم عرصے میں 137 فیصد اضافہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تیز رفتار تیزی 2010 میں دیکھی گئی تھی، جب عالمی مالیاتی بحران کے بعد مارکیٹ صرف 2 سالوں کے اندر دوگنا بڑھ گئی تھی۔