صنم جنگ نے پائلٹ سے شادی کرنے کی مشکلات بتادیں
اداکارہ و ٹی وی میزبان صنم جنگ کو شوہر کے لیے ولاگ ریکارڈ کرنے کی بات کی مختصر ویڈیو شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
صنم جنگ نے انسٹاگرام اسٹوری میں مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے شوہر کے لیے ولاگ بنانے کی بات کی، ان کی مذکورہ ویڈیو کو متعدد شوبز میڈیا پیجز کی جانب سے شیئر کیا گیا، جہاں صارفین نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
مختصر ویڈیو میں صنم جنگ بتاتی ہیں کہ ان کے شوہر پائلٹ ہیں جو کہ گھر دن پر ہوتے ہیں تو 15 دن ملازمت پر ہوتے ہیں۔
وہ بتاتی ہیں کہ ان کے گھر میں کام کرنے والا کوئی دوسرا نہیں، اس لیے وہ تمام کام خود کرتی ہیں جب کہ بچوں کی دیکھ بھال بھی ان کا ہی کام ہے۔
اداکارہ بتاتی ہیں کہ وہ گھر کا کام کرکے اور بچوں کا خیال رکھ کر تھک جاتی ہیں تو وہ شوہر سے بات کرتی ہیں اور ان کے ساتھ مسائل بھی شیئر کرتی ہیں۔
اداکارہ کہتی ہیں کہ جب وہ شوہر سے بات کرتی ہیں تو ان کے شوہر ان سے سوال کرتے ہیں کہ وہ پورا دن گھر میں ہی تو ہوتی ہیں، وہ کیا کام کرتی ہیں؟
صنم جنگ بتاتی ہیں کہ شوہر کے ایسےسوال پر وہ سوچتی ہیں کہ وہ ولاگ بنا کر انہیں بھیجیں اور انہیں دکھائیں اور بتائیں کہ وہ پورا دن کیا کرتی رہتی ہیں۔
اداکارہ ویڈیو میں کہتی ہیں کہ وہ گھر کا پورا کام کرتی ہیں، پودوں کو پانی دیتی ہیں، بچوں کی دیکھ بھال کرتی ہیں اور باقی تمام کام بھی نمٹاتی ہیں لیکن ان کے شوہر ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ کیا کرتی ہیں؟ تو ان پر انہیں تعجب ہوتا ہے۔
صنم جنگ کہتی ہیں کہ وہ سوچ رہی ہیں کہ وہ اپنے تمام کام کرنے کے دوران ایک ولاگ بنائیں اور شوہر کو بھیج دیں تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ ان کی اہلیہ پورا دن کیا کرتی ہیں؟
اداکارہ کی مذکورہ ویڈیو اسٹوری کو ان کے شوہر قسام جعفری نے بھی شیئر کیا جب کہ دوسرے شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے ان کی ویڈیو کو شیئر کیا گیا تو صارفین نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے اداکارہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ذاتی زندگی خود تک محدود رکھیں، اسے دوسروں کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
اسی طرح بعض افراد نے کمنٹس کیے کہ ایک اور اداکارہ شوہر کے نامناسب رویے کو نارمل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
کچھ صارفین نے ان کے شوہر کے تعلیم یافتہ ہونے پر بھی سوال اٹھائے اور لکھا کہ پائلٹ ہونے کے باوجود جاہلوں جیسی باتیں کر رہے ہیں؟
اسی طرح کچھ لوگوں نے کمنٹس کیے کہ عام طور پر پاکستانی شوہر ایسے ہی ہوتے ہیں، انہیں لگتا ہے کہ ان کی بیویاں گھروں میں کچھ نہیں کرتیں۔