آرمی چیف سے جی ایچ کیو میں آسٹریلوی فوج کے سربراہ کی ملاقات
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے آسٹریلوی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹورٹ نے ملاقات کی ہے، مہمان فوجی سربراہ نے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں فوجی سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص عالمی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو سراہتے ہوئے امن و استحکام کے مشترکہ مقاصد کے فروغ کے لئے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال سے متعلق امور بھی زیربحث آئے۔
فوجی سربراہان نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے جاری تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دفاع اور سلامتی میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹورٹ نے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر آسٹریلوی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹورٹ کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، مہمان فوجی سربراہ نے جی ایچ کیو میں یاد گار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔