چارسدہ میں پولیس وین کے قریب خود کش دھماکا
خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں پولیس وین کے قریب مبینہ طور پر خود کش دھماکا ہوا ہے تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس وین کے قریب ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، خودکش بمبار نے پولیس وین گزرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑایا۔
وقوعہ کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کرملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے کے وقت رش نہ ہونے کے باعث دہشت گردی کی کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے اور وین کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کو جائے وقوع سے کچھہ پیسے اور شناختی کارڈ بھی ملا ہے، اسپشل ٹیم واقعہ کی نوعیت معلوم کررہی ہے، تحقیقات کے بعد دھماکے کی نوعیت کے بارے میں حتمی رائے دی جاسکے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں پولیس وین کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں پولیس چوکی انچارج سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے ضلع بونیر کے پولیس ترجمان اسرار احمد نے بتایا تھا کہ ’پولیس وین نواگئی کے علاقے میں معمول کے گشت پر تھی، جس کے کانکئی چوک پہنچنے پر دھماکا ہوا۔‘
پولیس اہلکار کے مطابق دھماکے میں امبیلا میں قائم پولیس چیک پوسٹ کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس پی) شاہد زادہ، کانسٹیبل نور محمد، افتخار علی اور الطاف احمد زخمی ہوئے۔