پاکستان

لاہور سے بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث ملزم، اوکاڑہ سے مبینہ ریپ کا مرتکب جعلی پیر گرفتار

یکم نومبرکوپاکستان کے انٹرنیشنل ڈیٹا بیس سے منسلک ہونے کے بعد پہلی کارروائی، لاہور سے گرفتار ملزم کے موبائل سے قابل اعتراض مواد برآمد

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل لاہور نے بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ اوکاڑہ پولیس نے خاتون کا مبینہ ریپ کرنے والے جعلی پیر کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ یکم نومبرکوپاکستان کے انٹرنیشنل ڈیٹا بیس سے منسلک ہونے کے بعد پہلی کارروائی کی گئی ہے جس میں کم سن بچی کے جنسی استحصال میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں کامی روڈ لاہور سے گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت عاصم بٹ کے نام سے ہوئی ہے، متاثرہ کم سن بچی ملزم کے گھرملازمہ کی بیٹی ہے، ملزم کے موبائل فون سے قابل اعتراض مواد بھی برآمد کر لیا گیا جبکہ ملزم سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

دریں اثنا، اوکاڑہ میں جعلی پیر نے بچوں کے لیے تعویز لینےکے لیے آنے والی خاتون کا مبینہ طور پر ریپ کردیا، ڈی پی او اوکاڑہ کے نوٹس کے بعد پولیس نے خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے جعلی پیر کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون اپنے بچوں کی تعویذ کےلیے جعلی پیر کےپاس گئی تھی، ملزم نے خاتون کو خنجر کی نوک پر ریپ کا نشانہ بنایا۔