کھیل

بھارت سے آئندہ برس شیڈول ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کی میزبانی واپس لے لی گئی

آئندہ ورلڈکپ میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، پاک بھارت بلائنڈ ٹیموں کے میچز آئندہ نیوٹرل وینیو پر کرائے جائیں گے، ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل

پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری نہ کرنے اور پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے بعد بھارت سے آئندہ برس شیڈول ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کی میزبانی واپس لے لی گئی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ پاکستان میں جاری ہے جس کے لیے بھارت نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے این او سی دینے سے انکار کیا تھا۔

ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا26 واں اجلاس ملتان میں ہوا جس میں 7 ممالک نے شرکت کی جب کہ بھارت ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے بورڈ آن لائن اجلاس میں شریک ہوئے۔

ملتان کے مقامی ہوٹل میں ہونے والے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے جنرل کونسل اجلاس میں پاکستان کے سید سلطان شاہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے، بھارت کے راجانیش ہنری سیکریٹری جنرل کامیاب ہوئے۔

اجلاس میں تمام ممبرز نے بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر نے مؤقف اپنایا کہ ویزا مسائل کے باعث دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچز نہیں کھیل پارہیں۔

اجلاس میں ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے واضح کردیا کہ آئندہ ویمنز ورلڈکپ میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے پاک بھارت بلائنڈ ٹیموں کے تمام میچ آئندہ نیوٹرل وینیو پر کرانے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے یہ فیصلہ اس پس منظر میں سامنے آیا ہے جب کہ بلائنڈ ٹی20 کرکٹ ورلڈکپ پاکستان میں جاری ہے جب کہ بھارتی کرکٹ ٹیم وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان سفر کی اجازت نہ ملنے پر ایونٹ سے دستبردار ہوگئی تھی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو وزارت کھیل سے نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ ( این او سی) مل گیا تھا تاہم اسے حکومتی منظوری کا انتظار تھا۔

بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن ( آئی بی سی اے) کے صدر شیلنڈرا یادو نے تصدیق کی تھی کہ وزارت خارجہ نے سرحد پار سفر کرنے سے روک دیا ہے اور انہیں رواں ہفتے 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کی ہدایت کی ہے۔

شیلنڈرا یادو نے مزید بتایا تھا کہ انہیں باضابطہ تحریری طور پر حکومتی انکار موصول نہیں ہوا ہے اور صرف زبانی طور پر پاکستان سفر نہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ’ ہم پاکستان روانگی کے لیے 25 روز سے حکومتی اجازت کا انتظار کررہے تھے، اب ہم مزید انتظار نہیں کرسکتے کیوں کہ ٹورنامنٹ بس شروع ہوا چاہتا ہے، جب میں نے وزارت خارجہ سے فون پر بات کی تھی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں اور وہ ہمارا ٹورنامنٹ منسوخ کرسکتے ہیں، انہوں نے ہمیں انکار کا باضابطہ خط بھیجنے کا بھی کہا تھا’۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’ وزارت خارجہ سے ہونے والی بات چیت کے حوالے سے ہمیں تاحال کوئی باضابطہ خط موصول نہیں ہوا ہے، ہم پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور ہم بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ میں حصہ نہیں لیں گے’۔

شیلنڈرا یادو نے دعویٰ کیا تھا کہ انڈیا کے علاوہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گی، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کھلاڑیوں کی تمام محنت ضائع ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ کرکٹ کیلیے افسوسناک ہے کیونکہ کرکٹ ہر ایک کا کھیل ہے،پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ شائقین بغور دیکھتے ہیں اور دونوں ہی اچھی ٹیمیں ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’اب پاکستان کو مفت واک اوور مل جائے گا، یہ طویل عرصے سے محنت کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے افسوسناک ہے، بھارتی ٹیم کو کل 20 نومبر کو روانہ ہونا تھا اور میرا نہیں خیال کہ اتنے قلیل وقت میں کوئی معجزہ رونما ہوسکتا ہے، لہٰذا ہم طے کرچکے ہیں کہ ہم لاہور میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گے‘۔

بھارتی حکومت کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب بھارتی کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کہہ چکا تھا کہ بلائنڈ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ بھارتی ٹیم کے بغیر بھی کھیلا جائے گا، پی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ پہلے ہی واضح کرچکے تھے کہ پاکستان بھارتی ٹیم کو ویزے جاری کرچکا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ کا دفاعی چیمپئن ہے اور 2012،2017 اور 2022 سے مسلسل 3مرتبہ ٹورنامنٹ جیتتا ہوا آرہا تھا، 2022 میں بھارت نے بنگلورو میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں مسلسل تیسری بار ٹائٹل کے حصول کے لیے بنگلہ دیش کو 120 رنز سے شکست دی تھی۔

بلائنڈ ٹی20 ورلڈکپ: بھارتی ٹیم کو تاحال پاکستان جانے کیلئے این او سی نہ مل سکا

بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت کا ’سیاسی بنیاد‘ پر پاکستانی ٹیم کو ویزا دینے سے انکار

بھارت، پاکستان میں طے شدہ بلائنڈ ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ سے دستبردار