’سوئیم سوٹ‘ پہننے کے بعد خوف کے باعث پاکستان نہیں آئی، روما مائیکل
ماڈل و اداکارہ روما مائیکل نے کہا ہے کہ چند ہفتے قبل ہونے والے عالمی مقابلہ حسن کے ایک ایونٹ میں ’سوئیم سوٹ‘ پہننے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد خوف کی وجہ سے وہ کچھ عرصے تک پاکستان نہیں آئیں۔
روما مائیکل نے اکتوبر 2024 میں فلپائن میں ہونے والے مقابلہ حسن ’مس گرانڈ انٹرنیشنل‘ کے مقابلوں کے دوران ’سوئیم سوٹ‘ پہنا تھا۔
روما مائیکل کی جانب سے ’سوئیم سوٹ‘ پہننے اور مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کیے جانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
مذکورہ مقابلے میں روما مائیکل حکومت یا کسی دوسرے ادارے کی جانب سے نہیں بھیجی گئی تھیں، تاہم ان کا تعلق پاکستان سے تھا، اس لیے انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی۔
حکومت پاکستان یا پاکستان کے ثقافتی، فیشن اور شوبز کے ادارے حسن کے مقابلوں سمیت اسی طرح کے دیگر ایونٹس کو تسلیم نہیں کرتے اور ان میں حصہ بھی نہیں لیتے۔
تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ماڈلز خود مختار حیثیت میں ہونے والے مختلف مقابلہ حسن میں شریک ہوتی آ رہی ہیں۔
روما مائیکل نے بھی خود مختار حیثیت میں ’مس گرانڈ انٹرنیشنل‘ کے مقابلے میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے ایک پروگرام کے دوران ’سوئیم سوٹ‘ پہنا تھا جو کہ نیم عریاں لباس ہوتا ہے۔
ان کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
اب انہوں نے اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’سوئیم سوٹ‘ پہننے کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد انہیں دھمکیاں دی گئیں، جس وجہ سے وہ کچھ عرصے تک پاکستان ہی نہیں آئیں۔
روما مائیکل نے ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں چند دوستوں نے بھی کچھ عرصے تک ملک نہ آنے کا مشورہ دیا تھا، جس وجہ سے وہ ’مس گرانڈ انٹرنیشنل‘ ایونٹ کے بعد فوری طور پر پاکستان نہیں آئیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایونٹ منتظمین کو بتایا تھا کہ وہ ’سوئیم سوٹ‘ نہیں پہنیں گی، ان کے ملک میں ایسے لباس اور ایونٹس کو تسلیم نہیں کیا جاتا لیکن انہوں نے ان کی بات نہ مانی۔
روما مائیکل کے مطابق ایونٹ منتظمین انہیں حجاب دینے پر راضی ہوگئے تھے لیکن اختتام پر انہیں حجاب نہیں دیا گیا اور انہوں نے برقع یا حجاب کے بغیر ہی ’سوئیم سوٹ‘ پہن کر واک کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جس سوشل میڈیا پیج پر ایونٹ براہ راست نشر کیا جا رہا تھا، اسے پاکستانیوں نہیں بھارتیوں نے دیکھا اور بھارتی لوگوں نے ہی ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلائیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی لوگوں کی جانب سے ان کی ویڈیوز پھیلائے جانے کے بعد دنیا بھر کے میڈیا ہاؤسز نے ان کی خبر چلائی، جس کے بعد پاکستانی میڈیا میں بھی ان پر خبر بنی اور لوگ ان سے ناراض ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی ناراضی کی وجہ سے ہی وہ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد کچھ عرصے تک خوف کے باعث پاکستان نہیں آئیں لیکن اب انہیں کوئی خطرہ نہیں۔