سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کل پنجاب بھر میں اسکول بند رکھنے کا فیصلہ
صوبہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کل اسکول بند رہیں گے۔
پنجاب کے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق کل صوبے میں تمام اسکولز ’سیکیورٹی صورتحال‘ کے پیش نظر بند رہیں گے۔
جاری نوٹیفیکشن کے مطابق صوبے میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر، تمام سرکاری اور نجی اسکول 16 دسمبر 2024 (پیر) کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عرفان نواز میمن کی طرف سے جاری کردہ ایک علیحدہ نوٹیفیکشن میں کہا گیا تھا کہ ’ وفاقی دارالحکومت کی دود میں تمام سرکاری/نجی اسکول اور کالج 16 دسمبر 2024 (پیر) کو بند رہیں گے۔’
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے بھی پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلع میں تمام نجی اور سرکاری اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا تھا۔
ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل تعلیمی اداروں میں منعقدہ امتحانات کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے بھی کل تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند رکھنے اور امتحانات ملتوی کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کیا تھا۔
تاہم اسلام آباد اور لاہور میں تعلیمی ادارے بند کیے جانے کی وجوہات بیان نہیں کی گئی تھی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ڈان کو بتایا ہے کہ 2014 میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) حملے کی دسویں برسی کے موقع پر ضلع میں اسکول بند کیے جارہے ہیں۔
تمام تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے، آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن
سندھ کے تمام نجی تعلیمی ادارے کل بروز پیر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے جبکہ شہدائے اے پی ایس پشاور کی یاد میں دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں گیں۔
آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے اعلان کے مطابق کل بروز پیر 16 دسمبر کو سندھ بھر کے تمام نجی تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور سانحہ اے پی ایس پشاور کی یاد میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ حصول علم میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام طلبا و طالبات اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق ’تعلیمی ترقی ہی قوم کے لیے زندگی اور موت کا معاملہ ہے‘ کے عنوان سے تجدید عہد کیا جائے گا۔