اجازت کے بغیر ویڈیو کیوں بنائی؟ بھارتی سپراسٹار ویرات کوہلی صحافی سے الجھ پڑے
بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ سے قبل آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ایئرپورٹ پر اجازت کے بغیر ویڈیو بنانے پر ایک خاتون صحافی پر برہم ہوگئے۔
اسٹریلوی نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ نے ’سڈنی مارننگ ہیرالڈ‘ کے حوالے سے بتایا کہ ’ ویرات کوہلی نے اس وقت رپورٹر سے شدید ناراضگی کا اظہار کیا جب وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ ایئرپورٹ سے روانہ ہو رہے تھے۔’
رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی مبینہ طور پر چینل 9 کی ایک رپورٹر سے الجھے جبکہ دیگر صحافی ان کے قریب کھڑے تھے، انہوں نے بغیر اجازت ویڈیو بنانے پر ناگواری کا اظہار کیا۔
اس موقع پر بھارتی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ’مجھے میرے بچوں کے ساتھ پرائیویسی چاہیے، آپ میری اجازت کے بعد میری ویڈیو نہیں بنا سکتے۔‘
خیال رہے کہ 36 سالہ ویرات کوہلی اپنے فیملی کو لوگوں سے دور رکھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔
دورہ آسٹریلیا کے دوران بھارتی بلے باز پرتھ کے میدان میں ایک سینچری اسکور کرنے کے بعد مشکلات کا شکار رہے ہیں، سینچری کے علاوہ وہ چار اننگز میں محض 5،7،11 اور 3 رنز اسکور کرسکے ہیں۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر سیریز ایک، ایک سے برابر ہے اور دونوں ٹیموں کے مابین اگلا میچ 26 دسمبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔