پاکستان

اسٹاک مارکیٹ سے مندی کے بادل چھٹ گئے، انڈیکس میں 3 ہزار 200 پوائنٹس کا اضافہ

بازار حصص میں 459 کمپنیوں کے 39 ارب 40 کروڑ،43 لاکھ، 32 ہزار 095 روپے مالیت کے 75 کروڑ 45 لاکھ، 31 ہزار 829 شیئرز کا کاروبار ہوا، رپورٹ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کے دوران 3 دن سے جاری مندی کے بادل چھٹ گئے، سرمایہ کاروں نے کھل کر خریداری کی، جس کی بدولت بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 200 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔

پی ایس ویب سائٹ کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز اسٹاک مارکیٹ میں 459 کمپنیوں کے 39 ارب 40 کروڑ،43 لاکھ، 32 ہزار 095 روپے مالیت کے 75 کروڑ 45 لاکھ، 31 ہزار 829 شیئرز کا کاروبار ہوا، 281 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 119 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جب کہ 59 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

جمعہ کے روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 238 پوائنٹس یا 2.96 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 9 ہزار 513 پوائنٹس پر بند ہوا، جمعرات کو انڈیکس ایک لاکھ 6 ہزار 274 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کے طاہر عباس نے گزشتہ روز ڈان کو بتایا تھا کہ یہ اصلاح صحت مند ہے کیونکہ مارکیٹ نے حالیہ ہفتوں میں مسلسل ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے شرح سود میں 200 بی پی ایس کی کمی کے اعلان کے بعد بڑے سرمایہ کاروں نے 3 روز تک اسٹاک مارکیٹ پر کنٹرول برقرار رکھا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ آنے والے مہینوں میں افراط زر میں معمولی اضافے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

پیر کے روز اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 200 بی پی ایس کی محتاط کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنیادی افراط زر، جو 9.7 فیصد پر تھی، مستحکم ثابت ہو رہی ہے، جب کہ صارفین اور کاروباری اداروں کی افراط زر کی توقعات غیر مستحکم ہیں۔