پاکستان

عرفان صدیقی کو اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے قائم حکومتی کمیٹی کا ترجمان مقرر کردیا گیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کو حکومتی کمیٹی کا ترجمان مقرر کیا ہے, کمیٹی پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے قائم کی گئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کو اپوزیشن سےمذاکرات کے لیے قائم حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا ترجمان مقرر کردیا گیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کو حکومتی کمیٹی کا ترجمان مقرر کیا ہے، کمیٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کے لیے قائم کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سینیٹر عرفان صدیقی سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر بھی ہیں۔

یاد رہے کہ 23 دسمبر کو پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان اسپیکر ہاؤس میں ملاقات ہوئی تھی جس میں فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے اور 2 جنوری کو ہونے والی آئندہ میٹنگ میں اپوزیشن کی جانب سے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیے جانے پر اتفاق کیا گیا تھا جب کہ وزیراعظم نے ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے مذاکرات میں مثبت پیش رفت کی امید کا اظہار کیا تھا۔

حکومتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سینیٹر عرفان صدیقی، رانا ثنااللہ، نوید قمر ، راجا پرویز اشرف اور فاروق ستار، جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، اعجاز چوہدری، حامد رضا اور علامہ راجا ناصر عباس شامل تھے۔

میٹنگ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے قائم کمیٹی میں اعجاز الحق اور خالدمگسی کو شامل کرلیا تھا۔

وزیر اعظم نے مذاکراتی عمل میں مثبت پیش رفت کی امید ظاہر ہوئے کہا تھا ملک کی وسیع تر مفاد کے لیے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوگی۔