کھیل

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ: بابراعظم کی 5 درجہ ترقی، سعود شکیل کی تنزلی

بلے بازوں میں جوروٹ، ہیری بروک،کین ولیمسن، یشسوی جیسوال، ٹریوس ہیڈ ٹاپ فائیو میں شامل، باؤلنگ میں بمرا ، کمنز، ربادا، جوش ہیزل ووڈ، مارکو جانسن ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کی 5 درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ 12ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ نائب کپتان سعود شکیل 6 درجہ تنزلی کے بعد 11ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرکٹ انفو کے مطابق بھارت کے خلاف بورڈر گواسکر ٹرافی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر اسکاٹ بولینڈ پہلی بار آئی سی سی کی ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

بھارت کے خلاف سیریز میں بولینڈ نے آخری ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور وہ مین آف دی میچ بھی رہے، ان کی اس کارکردگی کی وجہ سے وہ 29 درجے ترقی کے بعد نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بورڈر گواسکر ٹرافی میں 32 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی سیریز رہنے والے بھارتی باؤلر جسپریت بمراہ بدستور پہلے نمبر پر ہیں جب کہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

اس کے علاوہ آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ ٹاپ تھری سے باہر ہو گئے ہیں اور پاکستان کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے والے جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن ٹیسٹ باؤلرز کی فہرست میں ٹاپ 5 میں شامل ہیں۔

ٹمبا باووما، ریشبھ پانٹ اور بابر اعظم کی ترقی

پاکستان کے خلاف سنچری نے جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما کو کیریئر بیسٹ پوزیشن یعنی چھٹے نمبر پر پہنچادیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف اچھی بلے بازی کرنے والے ریشبھ پانٹ ایک بار پھر ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ہیں، وہ 3 درجے ترقی کے ساتھ 9ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

انگلینڈ کے جو روٹ پہلے اور ہیری بروک دوسرے نمبر پر مووجود ہیں، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے اور بھارت کے یشوی جیسوال چوتھے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 58 اور 81 رنز بنا کر دوبارہ ٹاپ 10 کے قریب پہنچ گئے ہیں اور محمد رضوان 2 درجے ترقی سے 19ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ سعود شکیل 6 درجے تنزلی کے بعد 11ویں نمبر پر چلے گئے۔

اسی طرح باؤلنگ میں نعمان علی 2 درجہ تنزلی کے بعد گیارہویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔