100 روپے میں خریدی گئی لنڈے کی جیکٹ میں سے 100 پاؤنڈ ملے، عاصم محمود
ماڈل و اداکار عاصم محمود نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ان کی جانب سے 100 روپے میں لنڈے کے بازار سے خریدی گئی جیکٹ میں سے انہیں 100 پاؤنڈ ملے۔
عاصم محمود کی جانب سے لنڈے کے بازار سے خریدی گئی جیکٹس سے پاؤنڈ ملنے کی کہانی سنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
اداکار نے حال ہی میں مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنےکالج کے زمانے کی کہانی سناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی جانب سے خریدی گئی جیکٹ سے برطانوی پاؤنڈ ملے۔
ان کے مطابق وہ ان دنوں کالج پڑھتے تھے اور ان کا کالج کے یونیفارم کے حساب سے بلیو رنگ کی جیکٹ ہونا لازمی تھا، اس لیے وہ دوستوں کے ہمراہ لنڈا بازار سے جیکٹ خریدنے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں وہ جس کالج میں پڑھتے تھے، اس کے قریب ہی لنڈا بازار لگتا تھا، جہاں سے انہوں نے دوستوں کے ہمراہ جاکر ایک جیکٹ خریدا۔
عاصم محمود کے مطابق جیکٹ فروخت کرنے والے نے ان سے جیکٹ کے 150 روپے مانگے لیکن انہوں نے وہ جیکٹ کسی طرح 100 روپے میں خریدی اور اسے گھر لے کر آگئے۔
اداکار نے بتایا کہ اگلے روز ان کی والدہ نے مذکورہ جیکٹ کو دھویا اور انہوں نے اسے نچوڑ کر سکھایا، جب جیکٹ کو استری کرنے لگے تو انہوں نے جیکٹ کو چیک کرنا شروع کیا۔
ان کے مطابق وہ جیکٹ میں لگی زپ چیک کرنا چاہتے تھے، پھر اچانک انہیں ایسا محسوس ہوا کہ جیکٹ میں ایک خفیہ جیب بھی ہے، جسے انہوں نے چیک کیا تو دنگ رہ گئے۔
اداکار نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ خفیہ جیب کو چیک کرنے سے قبل ہی ان کے دل میں خیال آیا کہ جیب میں سے ڈالرز نکلیں گے اور حیران کن طور پر جب انہوں نے جیب میں ہاتھ ڈالا تو انہیں 100 برطانوی پاؤنڈ ملے اور وہ حیران رہ گئے۔
عاصم محمود نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے جیکٹ کی دھلائی کے بعد ملنے والے 100 پاؤنڈ کے اوپر استری بھی گھمائی اور پھر اگلے روز منی ایکسچینج میں جاکر پاکستانی روپے لیے۔
اداکار و ماڈل کا کہنا تھا کہ انہیں اس وقت برطانوی پاؤنڈ کے جعلی یا اصلی ہونے سے متعلق کوئی علم نہیں تھا، اس لیے انہیں تھوڑا سا شک بھی ہوا ہے لیکن جب وہ ایکسچینج والے کے پاس گئے تو انہوں نے انہیں پاؤنڈ کے عوض پاکستانی روپے دے دیے۔
عاصم محمود نے بتایا کہ انہیں 100 پاؤنڈ کے عوض 9 ہزار روپے سے زائد کی رقم ملی تھی اور اس وقت انہیں گھر سے ہفتہ وار 500 روپے سے بھی کم روپے ملا کرتے تھے۔
اداکار کی جانب سے لنڈے کے بازار سے 100 روپے میں خریدی گئی جیکٹ سے 100 پاونڈ ملنے کا قصہ بیان کرنے کی ویڈیو پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔