پاکستان

سندھ: منافع خوروں کےخلاف موثر کارروائی کا منصوبہ تیار، الگ تھانوں کے قیام کا بھی فیصلہ

فیصلے کا مقصد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانا اور ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشوں کو روکنا ہے، معاون خصوصی وقار مہدی

حکومت سندھ نے کراچی سمیت صوبے کی تمام ڈویژنز میں منافع خوروں کے خلاف موثر کارروائی کا منصوبہ تیار کرلیا جبکہ منافع خوروں کے لیے الگ سے نئے تھانوں کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومت سندھ کا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر ضابطے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سی ایم آئی آٹی وقار مہدی اور معاون خصوصی بیورو آف سپلائی عثمان ہنگورو نے کی۔

وقار مہدی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے تھانوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، فیصلے کا مقصد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانا اور ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشوں کو روکنا ہے، جبکہ تمام گوداموں کو رمضان سے پہلے رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے خصوصی اسٹالز اور پھلوں کی مقرر کردہ قیمتوں کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، سندھ بھر کی سبزی منڈیوں کے کولڈ اسٹوریج رجسٹرڈ کیے جائیں گے اور ان کی نگرانی کی جائے گی تاکہ وہ زیادہ قیمت پر اشیا نہ بیچیں۔

اجلاس کے دوران عثمان ہنگورو نے کہا کہ تھانوں کا دائرہ اختیار پورے سندھ میں ہوگا اور یہ تھانہ منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے مجاز ہوں گے۔