کُرم میں 30 بنکرز مسمار، سامان رسد کی 453 گاڑیاں پہنچائی جاچکیں
کرم میں فریقین کے بنکرز مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 30 سے زائد بنکرز تباہ کیے جاچکے ہیں جبکہ پچھلے کچھ ہفتوں میں سامان رسد کی 453 گاڑیاں کرم پہنچائی جاچکی ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کرم میں اب تک 30 سے زیادہ بنکرز مسمار کیے جا چکے ہیں، علاقے میں بنکرز کی کُل تعداد 250 سے زیادہ ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پچھلے کچھ ہفتوں کے دوران سامان رسد کی 453 گاڑیاں مختلف قافلوں میں کرم پہنچائی جا چکی ہیں جبکہ کرم کے متاثرین میں امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ رات گئے سی ایم ایچ پشاور میں کُرم میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سعید منان کی عیادت کی۔
علی امین گنڈاپور نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے زیرعلاج سعید منان کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کے بارے دریافت کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دینے پر کرم کی ضلعی انتظامیہ خراج تحسین کی مستحق ہے۔