پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر، آئی ایس پی آر کا نغمہ جاری
پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جا رہا ہے، کشمیر ڈے پر ملک بھر میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جلسے، جلوس اور ریلیاں نکال کر بھارتی مظالم کی مذمت کی جائے گی۔
ڈان نیوز کے مطابق کشمیر ڈے پر ملک بھر میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جلسے، جلوس، ریلیوں کے ساتھ ساتھ سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے جب کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے نیا نغمہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر پر 5 فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن سیکریٹریٹ سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ 5 فروری 2025 بروز بدھ یومِ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی اور تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا کہ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 5 فروری کو 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی جائے گی۔
خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر دیا تھا، بی جے پی حکومت نے نہ صرف اسے ہٹا کر جموں و کشمیر کا خصوصی ریاست کا درجہ ختم کر دیا تھا بلکہ اسی دن جموں و کشمیر سے ریاستی درجہ بھی چھین لیا تھا۔
دوسری جانب، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے یومِ یکجہتی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اہلِ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کا ساتھ دیا جب کہ حکومت پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت پر شکرگزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج غیر متزلزل عزم کی تجدید کا دن ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، 1947 سے قبل ہی کشمیری عوام نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے۔