پاکستان

راولپنڈی: ڈکیتی کا مقدمہ درج کروانے والی خاتون، سہیلی اور ساتھی ملزمان سمیت گرفتار

صائقہ کو سہیلی نے زیورات بیچنے کیلئے دیے تھے، رقم چھن جانے کا ڈرامہ کیا، ایک سہیلی اور 2 ساتھیوں کو ساتھ ملالیا تھا، پولیس نے ساڑھے 8 لاکھ روپے، اسلحہ برآمد کرلیا۔

راولپنڈی میں خواتین کی ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا اور خاتون مدعی مقدمہ، اس کی سہیلی اور 2 ساتھی خود ڈکیتی میں ملوث نکلے، پولیس نے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایک ہفتہ قبل تھانہ آر اے بازار کے علاقے میں ایک خاتون نے ڈکیتی کا مقدمہ کا درج کروایا تھا، جس میں خاتون نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔

پولیس حکام نے مدعیہ کے بیان کی روشنی میں تفتیش شروع کی اور اس سے واقعے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں، تاہم خاتون نے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس حکام اس ’ڈکیتی‘ کے اصل ملزمان تک پہنچ گئے، ڈکیتی کا واقعہ پیش ہی نہیں آیا بلکہ مدعی خاتون، اس کی سہیلی اور 2 ساتھی ہی اس واردات میں ملوث نکلے۔

پولیس نے دوران تفتیش حقائق سامنے آنے پر چاروں ملزمان کو گرفتار کرکے 8 لاکھ 53 ہزار روپے اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں صائقہ، سمیرا، عمیر اور منیب شامل ہیں۔

ملزمہ صائقہ کو اس کی سہیلی نے زیورات فروخت کرنے کے لیے دیے تھے جن کی رقم ہڑپ کرنے کے لیے ملزمہ نے واردات کا ڈرامہ رچایا۔

ملزمہ نے اپنی سہیلی سمیرا اور ساتھیوں عمیر اور منیب کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی اور جھوٹا مقدمہ درج کروایا، تاہم پولیس نے جانفشانی سے تفتیش کو انجام تک پہنچایا اور ملزمان کو حراست میں لے لیا۔