پاکستان

سندھ حکومت کا دن کے اوقات میں کراچی میں ڈمپر کی داخلے پر پابندی کا فیصلہ

چیف سیکریٹری سندھ کی لاپروائی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف چالان کے ساتھ ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت، ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک چالان 4 گنا بڑھانے کی ہدایت بھی کردی۔

سندھ حکومت کا دن کے اوقات میں شہر میں ڈمپر کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کرلیا، ڈمپرز کو رات 11 سے صبح 6 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کے زیر صدارت ٹریفک حادثات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو 3 ماہ کے اندر آپریشن رات کے ٹائم شفٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

اجلاس میں شہر میں چلنے والے تمام بڑے گاڑیوں اور ڈرائیوروں کے فزیکل ویری فکیشن کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

چیف سیکریٹری سندھ نے واٹر بورڈ کے تمام واٹر ٹینکرز کی ایک ماہ میں انسپکشن کی ہدایت بھی کی جب کہ موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہنے اور ٹریفک پولیس کو انفورسمینٹ بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتے حادثات پر سخت اقدامات ضروری ہوگئے ہیں، انہوں نے لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف چالان کے ساتھ ایف آئی آر درج کرنے کی بھی ہدایت کی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو ایک ماہ کے اندر ٹریفک حالات بہتر کرنے اور ٹریفک چالان کو 4 گنا بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔

اس سے قبل، اسٹیل ٹاؤن موڑ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں موٹر سائیکل سوار محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر دو افراد سوار تھے، ڈمپر کے ڈرائیور کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا جب کہ ڈمپر کو بھی تحویل میں لے کر اسٹیل ٹاؤن تھانے منتقل کردیا۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے سے کراچی میں تیز رفتار ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز کی وجہ سے موٹرسائیکل سواروں اور کار سوار شہریوں کو کچلنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

5 فروری کو گلستان جوہر میں راشد منہاس روڈ پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے کچرا اٹھانے والے ٹرک نے متعدد گاڑیوں کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

آج کراچی کے علاقے کورنگی ابراہیم حیدری سے کراسنگ جاتے ہوئے تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 3 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔