پاکستان

لاہور: ریلوے پولیس میں بھرتی کیلئے 50 ہزار روپے لیکر دوڑنے والا جعلساز اور اصل امیدوار گرفتار

ملزم خضر سے پچھ گچھ پر معلوم ہوا کہ وہ بھرتی کے لیے اصل امیدوار احسن کی جگہ دوڑ رہا ہے، ریلویز پولیس مغلپورہ ورکشاپس میں مقدمہ درج کرلیا گیا، حکام

لاہور میں ریلوے پولیس ٹریننگ اسکول والٹن میں بھرتی کے لیے فزیکل ٹیسٹ میں شامل ہونے والے جعلساز کو اصل امیدوار سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں ریلوے پولیس ٹریننگ اسکول والٹن میں اہلکاروں کی بھرتی کے سلسلے میں امیدواروں کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ لیا جا رہا تھا، اس دوران ایک شخص کو مشتبہ جانتے ہوئے اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو وہ گھبرا گیا۔

ترجمان ریلویز پولیس کے مطابق ملزم خضر سے پچھ گچھ پر معلوم ہوا کہ وہ بھرتی کے لیے اصل امیدوار احسن اقبال کی جگہ دوڑ میں شامل ہوا ہے۔

دوڑ مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز عبدالرب چوہدری کی نگرانی میں کمیٹی نے جانچ پڑتال کی تو امیدوار جعلی نکلا۔

اصل امیدوار احسن کو بھی موقع پر طلب کرکے گرفتار کرلیا گیا، امیدوار نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے خضر کو کانسٹیبل بھرتی میں دوڑ کے لیے 50 ہزار روپے دیے تھے، ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس مغلپورہ ورکشاپس میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔