کھیل

چیمپئنز ٹرافی: بھارت کو دھچکا، روہت شرما کی میچ میں شرکت مشکوک

بھارتی کپتان روہت شرما کے علاوہ نائب کپتان شبمن گل نے بھی پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی، بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم پاکستان اور بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے تاہم فٹنس مسائل کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری گروپ میچ میں کپتان روہت شرما کی شرکت مشکوک ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے آخری گروپ میچ سے قبل نیٹ پریکٹس میں حصہ نہیں لیا، جس سے ان کی فٹنس بارے تشویش پیدا ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ 23 فروری کو دبئی میں کھیلے گئے پاک بھارت ٹاکرے کے دوران روہت شرما کو ہیمسٹرنگ تکلیف محسوس ہوئی تھی لیکن میچ کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ وہ ٹھیک ہیں اور فکر کی کوئی بات نہیں۔

روہت شرما کی انجری کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ممکنہ طور پر روہت شرما نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے نیٹ سیشن میں حصہ نہیں لیا تاکہ انہیں مزید کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور آخری میچ سے قبل وہ مکمل فٹ رہیں۔

بھارتی ٹیم ٹیم مینجمنٹ اور میڈیکل اسٹاف نے روہت شرما کی فٹنس پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور ٹورنامنٹ کے آخری گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ان کی شرکت کا حتمی فیصلہ میچ والے دن ہی کیا جائے گا۔

دوسری جانب، ایک اور رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی کپتان روہت شرما کے علاوہ ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان شبمن گل نے بھی پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی ٹیم نے 27 فروری کو تقریباً 3 گھنٹے پریکٹس سیشن کیا جس میں بھارتی کپتان گراؤنڈ میں موجود رہے البتہ شبمن گل بالکل غائب رہے، وہ کہیں بھی دکھائی نہیں دیے۔

اس کے علاوہ، بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنٹ بھی پریکٹس کرتے ہوئے دکھائی دیے، پاکستان کے میچ سے قبل وہ بخار میں مبتلا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ کوئی دن تک آرام کرتے رہے تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ان کی شرکت کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں گروپ اے کا اپنا آخری میچ 2 مارچ کو دبئی میں کھیلیں گی تاہم دونوں ٹیمیں پاکستان اور بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔