پاکستان

9 مئی کے ملزمان کی ضمانت منسوخی کیس، پنجاب حکومت کو رپورٹ جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 9 اور 10 مئی کے ملزمان کی ضمانت منسوخی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے 9 اور 10 مئی کے ملزمان کی ضمانت منسوخی سے متعلق کیس میں پنجاب حکومت کو رپورٹ جمع کروانے کے لیے دو ہفتوں کا وقت دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 9 اور 10 مئی کے ملزمان کی ضمانت منسوخی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

پراسیکیوٹر جزل پنجاب عدالت میں پیش ہوئے۔ عالیہ حمزہ اور شہریار آفریدی و دیگر کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر پنجاب حکومت نے رپورٹ جمع کروانے کے لیے عدالت سے وقت مانگ لیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ ضمانت منسوخی کی اپیلیں پنجاب حکومت کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔

9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد فسادات کے نتیجے میں نمایاں بے امنی دیکھی گئی تھی۔

9 مئی کو مشتعل افراد کی جانب سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر عسکری تنصیبوں پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور مظاہرے کیے گئے تھے، اس دوران سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

بعد ازاں مختلف عدالتوں سے کئی ملزمان کو ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔