پاکستان

عمران خان سے وکلا کی ملاقات، نعیم پنجوتھا نے علیمہ خان کی شکایت کردی

’ڈرامہ لگایا ہوا ہے، ہر بندہ صرف ملاقات کے لیے جیل آتا ہے‘، علیمہ خان نے نعیم پنجوتھا سے سوال کیا کہ آپ بشری بی بی کے فوکل پرسن ہیں آپ کس کس سے ملتے ہیں؟

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے فوکل پرسن نعیم حیدر پنجوتھا نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران ان کی بہن علیمہ خان کے رویے کی شکایت کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے وکلا کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

بشریٰ بی بی کے فوکل پرسن نعیم حیدر پنجوتھا نے بانی پی ٹی آئی کو علیمہ خان کے سخت رویے کی شکایت کر دی۔

جس پر عمران خان نے علیمہ خان کی وکلا سے تلخ کلامی پر ناراضی کا اظہار کیا اور یقین دہانی کروائی کہ وہ علیمہ خان کو وکلا سے الجھنے سے منع کریں گے۔

اس سے قبل، اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان پی ٹی آئی وکلا پر برس پڑیں، وکلا سے سوال کیا کہ آپ نے اب تک عمران خان کے لیے عدالت سے کیا ریلیف لیا۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کیا ڈرامہ لگایا ہوا ہے، ہر بندہ صرف ملاقات کے لیے جیل آتا ہے، کوئی وکیل اپنی طرف سے اضافی پٹیشن دائر نہیں کرے گا، پٹیشن دائر کرنے کا اختیار صرف سلمان راجا اور سلمان صفدر کو ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے صرف وہی ملاقات کرےگا جس کو کوئی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

علیمہ خان نے نعیم پنجوتھا سے سوال کیا کہ آپ بشری بی بی کے فوکل پرسن ہیں آپ کس کس سے ملتے ہیں جس پر نعیم پنجوتھا نے جواب دیا کہ وہ کسی سے نہیں ملے۔

علیمہ خان نے نعیم پنجوتھا پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ان کے ساتھ بدتمیزی نہ کریں، جس پر نعیم پنجوتھا نے جواب دیا کہ وہ بدتمیزی نہیں کر رہے، ہم بھی جیلیں بھگت کر آئے ہیں، ہم پر پرچے ہوئے ہیں۔

علیمہ خان نے نعیم پنجوتھا کو خاموش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ کس طرح ان سے بات کر رہے ہیں۔