’پاکستانیوں کی وطن واپسی میں مدد کی جائے‘

شائع October 13, 2015
وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز — فائل فوٹو / رائٹرز
وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز — فائل فوٹو / رائٹرز

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امورِ خارجہ سرتاج عزیز نے سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین سروس کی معطلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں ریلوے اسٹیشن پر پھنسے ہوئے پاکستانی مسافروں کو وطن واپس لانے کے لیے نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر ہندوستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے زور دیا کہ ہندوستان کی حکومت ان پھنسے ہوئے پاکستانیوں مسافروں کے ویزوں میں توسیع کرے یا ان میں مناسب ردو بدل کرے تاکہ یہ پاکستانی دیگر راستوں کے ذریعے پاکستان واپس آسکیں۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر ان پھنسے ہوئے پاکستانی مسافروں کی دیکھ بھال کررہے ہیں اور انھیں کھانے سمیت دیگر ضرورت کی اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔

قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ کراچی، بلوچستان اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا میں ہندوستان کی جانب سے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پر مشتمل ایک ڈوزیر پاکستانی حکومت کچھ ممالک سے شیئر کرنے جارہی ہے۔

انھوں ںے کہا کہ ’ہندوستانی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ دہشت گردی پر مذاکرات کرنا چاہتی ہے تاہم ہمارا مؤقف ہے کہ دہشت گردی صرف ہندوستان کا ہی مسئلہ نہیں ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ہندوستانی حکومت کا الزام ہے کہ پاکستان ان کے ملک میں غیر ریاستی عناصر کو مدد فراہم کررہا ہے لیکن ہمارے لیے تشویش کی بات یہ ہے کہ ایک ریاستی عنصر، ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را)، افغانستان کے ذریعے سے کراچی، بلوچستان اور فاٹا میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے۔

کارٹون

کارٹون : 3 مئی 2025
کارٹون : 1 مئی 2025