• KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm
  • KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm

سرفراز فائنل میں جارحانہ کھیل پیش کرنے کیلئے پرعزم

شائع June 17, 2017
بھارت کے خلاف میچ سے قبل سرفراز احمد کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے— فوٹو: رائٹرز
بھارت کے خلاف میچ سے قبل سرفراز احمد کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے— فوٹو: رائٹرز

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کل چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف جارحانہ اور مثبت کرکٹ کھیلنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اتوار کو لندن میں ہونے والے میچ سے قبل کوچ مکی آرتھر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی کارکردگی ہمارے لیے نیک شگون ہے۔ ڈیبیو کرنے والے تین نوجوانوں فہیم اشرف، رومان رئیس اور فخر زمان نے ٹیم کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شاداب بھی عمدہ کھیل پیش کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: اپنی پسند کی ٹیم خود بنائیں

عامر سہیل کے بیان کے بارے میں سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم اس بارے میں نہیں سوچ رہی کہ انہوں نے کیا کہا۔ ہم نے اب تک جارحانہ کرکٹ کھیلی ہے اور کل کے میچ میں بھی مثبت کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

کپتان نے مڈل آرڈر بیٹنگ لائن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد وہ فارم میں واپس آ گئی ہے۔

انہوں نے انڈیا کے خلاف بدترین شکست کے بعد ایونٹ میں شاندار انداز میں واپسی کا کریڈٹ باؤلرز کو دیتے ہوئے کہا کہ میں لوگوں کی دعاؤں اور مستقل فتوحات کے بعد پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے پر ان کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: فائنل سے پہلے کوہلی کا پاکستانی ٹیم کیلئے بڑا بیان

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ عامر فٹ ہیں اور وہ میچ کھیلیں گے البتہ سرفراز احمد نے محتاط انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ابھی ہم نے وکٹ معائنہ نہیں کیا اس لیے فائنل الیون کا فیصلہ نہیں کیا۔

کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ ہم یہاں جیتنے کیلئے ہی آئے تھے۔ فائنل میں پہنچنا بہت خوش آئند ہے اور اس کا کریڈٹ کھلاڑیوں کو جاتا ہے کہ جنہوں نے اس بدترین شکست کے بعد خود کو فتح کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے انتہائی شاندار کھیل پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کل کے میچ میں فتح کے بعد ہماری توجہ کا تمام تر محور 2019 ورلڈ کپ ہو گا تاکہ ہم ایک ایسا اسکواڈ تیار کر سکیں جس میں ہر شعبے کا بہترین کھلاڑی ہو۔

ضرور پڑھیں: فائنل میں کن 11 کھلاڑیوں کو کھلانا چاہیے

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کا کھیل بہت بہترین ہے، انہیں ناکامی کا کوئی خوف نہیں اور وہ بہترین کھیل پیش کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

آرتھر کا کہنا تھا کہ میں اب بھی وہی کہوں گا جو میں نے انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل بھی کہا تھا کہ اگر ہم اپنا بہترین کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے اور بنیادی چیزیں صحیح کیں تو ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024