• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

خواتین سے متعلق نازیبا بیان پر پانڈیا اور راہول معطل

شائع January 11, 2019 اپ ڈیٹ February 7, 2019
ہاردک پانڈیا اور لوکیش راہول نے کرن جوہر کے شو میں ضواتین کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے— فائل فوٹو
ہاردک پانڈیا اور لوکیش راہول نے کرن جوہر کے شو میں ضواتین کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے— فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ حکام نے ٹی وی شو کے دوران خواتین کے لیے نازیبا زبان استعمال کرنے پر آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور لوکیش راہول کو معطل کر کے ان کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

دونوں کھلاڑیوں کی معطلی اور انکوائری کے سبب ان کی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کیا ہے کہ دونوں کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ تو ہرگز نہیں کھیلیں گے، جبکہ ان کے خلاف مکمل تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

بورڈ کے معتبر ذرائع نے بتایا کہ ٹی وی شو کے دوران خواتین کے بارے میں نامناسب بیان پر پانڈیا اور راہول دونوں کو معطل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: خواتین کے بارے میں نازیبا بیانات بھارتی کرکٹرز کو مہنگے پڑگئے

ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو آسٹریلیا سے وطن واپس بلایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹاک شو ’کافی ود کرن‘ کے دوران میزبان کرن جوہر سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر کھلاڑی ہاردیک پانڈیا نے خواتین سے متعلق کئی نامناسب جملے کہے تھے، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر صارفین کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

شو میں ان کے ہمراہ نوجوان بھارتی بلے باز لوکیش راہول بھی مدعو تھے جو پانڈیا کے جملوں پر ہنستے نظر آئے، جس پر انہیں بھی کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد ہاردک پانڈیا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے اپنے جملوں سے ناظرین کا دل دکھانے پر معافی مانگی۔

ہردک پاندیا کا کہنا تھا کہ ’میں ہر اس شخص سے معافی مانگتا ہوں، جسے میرے کافی ود کرن میں کہے جملوں سے تکلیف پہنچی، حقیقت یہ ہے کہ جیسا شو کافی ود کرن ہے میں اس حساب سے بات کرتا رہا، میرا ارادہ کسی کو تکلیف پہنچانے کا نہیں تھا‘۔

لوکیش راہول نے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ہاردک پانڈیا کی معذرت کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ نے انہیں اور کے ایل راہول کو شوکاز نوٹس بھیجے تھے، جبکہ آج انہیں دوبارہ نوٹس بھیج کر معطلی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی دونوں کھلاڑیوں کے کافی ود کرن شو میں شرکت اور بیانات پر تنقید کی۔

ویرات کوہلی کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے خواتین سے متعلق ایسے نامناسب بیانات ناقابل قبول ہیں، ہم انہیں سپورٹ نہیں کرتے، یہ دونوں کھلاڑی جانتے ہیں کہ اس کا کتنا نقصان ہوگا اور انہیں اندازہ ہوگا کہ کیا چیزیں غلط ہوئیں‘۔

اس معاملے کے بعد کافی ود کرن شو کی اس متنازع قسط کو بھی ہٹادیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024