• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ڈیفنس سے اغوا ہونے والی طالبہ دعا منگی گھر واپس پہنچ گئیں

شائع December 7, 2019
پولیس ذرائع نے بتایا کہ دعا منگی گزشتہ رات گھر واپس پہنچی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
پولیس ذرائع نے بتایا کہ دعا منگی گزشتہ رات گھر واپس پہنچی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں بخاری کمرشل سے اغوا ہونے والی طالبہ دعا منگی گھر واپس پہنچ گئیں۔

ڈان نیوز نے رپورٹ کیا کہ پولیس ذرائع نے بتایا کہ دعا منگی گزشتہ رات گھر واپس پہنچی تھیں تاہم ان کے اہلِ خانہ اس حوالے سے کوئی بھی تفصیلات فراہم کرنے سے گریزاں ہیں۔

اس ضمن میں ڈی آئی جی ساؤتھ زون شرجیل کھرل نے بتایا کہ مقدمے میں تفتیش جاری ہے اور مزید تفصیلات سے جلد مطلع کیا جائے گا۔

اس حوالے سے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ دعا کو ممکنہ طور پر تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا گیا اور اغوا کاروں سے ان کے اہلِ خانہ نے براہِ راست بات کی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: دعا منگی کو تاوان کیلئے اغوا کیا گیا، پولیس

یاد رہے کہ 30 نومبر کو بخاری کمرشل میں ایک ریستوران کے قریب سے کار سوار ملزمان نے دعا نامی طالبہ کو اغوا کرلیا تھا جبکہ لڑکی کے ساتھ موجود نوجوان حارث فتح سومرو کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔

واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں زخمی نوجوان حارث فتح سومرو کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

بعدازاں دعا منگی کی بازیابی میں ناکامی اور کوئی سراغ نہ ملنے پر اہل خانہ اور سول سوسائٹی کے افراد نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا، جس میں دعا کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

بعدازاں پولیس نے دعا کے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی شاہراہِ فیصل پولیس اسٹیشن کے علاقے گلشن سے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی: دعا منگی اغوا کے خلاف احتجاج، پولیس کا پیش رفت کا دعویٰ

تفتیش سے منسلک پولیس افسر کا کہنا تھا کہ جو گاڑی برآمد ہوئی وہ اغوا کے واقعے میں استعمال ہوئی ہے اور یہ گاڑی 27 نومبر کو فیروز آباد سے چھینی گئی تھی جس سے اشارہ ملتا ہے کہ ملزمان نے پہلے گاڑی چھینی جس کے بعد لڑکی کو اغوا کیا۔

مغوی طالبہ کے اہل خانہ نے ابتدائی طور پر طلبہ کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا کیونکہ اطلاعات تھیں کہ ان کا کسی سے جھگڑا ہوا تھا لیکن طلبہ کے ملوث ہونے کے حوالے سے کوئی مصدقہ ثبوت نہیں مل سکے تھے۔

بعدازاں ڈی آئی جی ساؤتھ زون شرجیل کھرل نے بتایا تھا کہ 'یہ بظاہر اغوا برائے تاوان کا کیس ہے'، ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ تحقیقات کے ذریعے یہ معلوم ہوا ہے کہ طالبہ کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا لیکن انہوں نے مزید تفصیل نہیں بتائی تھی۔

اس سے قبل رواں برس مئی میں ڈی ایچ اے سے ہی ایک لڑکی بسمہ کو اغوا کیا گیا تھا اور وہ بھی مبینہ طور پر تاوان کی ادائیگی کے بعد گھر آگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024