• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

بھارتی ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، دھونی فہرست سے ڈراپ

شائع January 16, 2020 اپ ڈیٹ January 17, 2020
مہندرا سنگھ دھونی نے ورلڈ کپ 2019 کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیلا— فوٹو: اے ایف پی
مہندرا سنگھ دھونی نے ورلڈ کپ 2019 کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیلا— فوٹو: اے ایف پی

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اگلے سال کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے جس میں سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی جگہ بنانے میں ناکام رہے جبکہ ان کا کیریئر ختم ہوتا محسوس ہو رہا ہے۔

بھارت کو اپنی قیادت میں ٹی20 اور ون ڈے ورلڈ کپ جتوانے والے مہندرا سنگھ دھونی کے کیریئر کے حوالے سے ایک عرصے سے چہ مگوئیاں جاری تھیں کیونکہ انہوں نے ورلڈ کپ کے بعد سے کسی بھی میچ میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی۔

تاہم اب یہ معاملہ حل ہوتا نظر آ رہا ہے کیونکہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے جس کی فہرست میں دھونی کا نام شامل نہیں۔

انہیں آخری مرتبہ 2019 میں کنٹریکٹ دیتے ہوئے 'اے' کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا تھا جس میں ایک کھلاڑی کو 5 کروڑ روپے ملتے ہیں لیکن وہ اس مرتبہ جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے بعد سے دھونی نے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا لیکن اس کے باوجود ہیڈ کوچ روی شاستری اس بات پر مصر ہیں کہ سابق کپتان بھارتی ٹیم کے ٹی20 ورلڈ کپ کے پلان کا حصہ ہیں۔

اس کے علاوہ خلیل احمد، دنیش کارتھک اور امبتی رائیڈو کو بھی فہرست سے ڈراپ کردیا گیا ہے اور ان کی جگہ نودیپ سینی، شردل ٹھاکر، شریاس آئیر اور واشنگٹن سندر کو سینٹرل کنٹریکٹ کی 'سی' کیٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔

یہ کنٹریکٹس اکتوبر 2019 سے ستمبر 2020 کے لیے دیے گئے ہیں اور گزشتہ فہرست کے مقابلے میں کھلاڑیوں کی تعداد کم کر کے 29 سے 27 کردی گئی ہے۔

'اے پلس' کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو تقریباً 10لاکھ ڈالر کی خطیر رقم ملے گی جس میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔

لوکیش راہول ایک درجہ ترقی کر کے 'اے' کیٹیگری میں شامل ہو گئے ہیں جس میں ہر کھلاڑی کو 7 لاکھ ڈالر ملیں گے۔

کیٹیگری اے میں سب سے زیادہ کھلاڑی شامل ہیں جن میں روی چندرن ایشون، رویندرا جدیجا، بھوونیشور کمار، چتیشور پجارا، اجنکیا راہانے، شیکھر دھاون، محمد شامی، ایشانت شرما، کلدیپ یادو، ریشابھ پانٹ اور لوکیش راہول جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔

کیٹیگری 'بی' میں امیش یادو، یزویندر چاہل، ہردک پانڈیا، وردھیمان ساہا اور ماینک اگروال موجود ہیں جس میں ہر کھلاڑی کو 4 لاکھ 20 ہزار ڈالر ملیں گے۔

کیٹیگری 'سی' کے ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ بھارتی روپے ملیں گے اور اس فہرست میں کیدار جادھو، منیش پانڈے، ہنوما ویہاڑی، نودیپ سینی، دیپک چاہر، شریاس آئیر اور واشنگٹن سندر شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024