• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کشمیریوں کی آوازوں کو خاموش کروانا اتنا آسان کیوں ہے؟ زائرہ وسیم

شائع February 5, 2020
سابق اداکارہ نے ایک طویل پوسٹ میں جذباتی انداز میں کشمیری عوام کی آزمائشوں کا  ذکر کیا—تصویر: اسکرین شاٹ
سابق اداکارہ نے ایک طویل پوسٹ میں جذباتی انداز میں کشمیری عوام کی آزمائشوں کا ذکر کیا—تصویر: اسکرین شاٹ

سری نگر: مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی سابق بالی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے وادی میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ اور پابندیوں کی مذمت کی اور انسٹاگرام پر ایک طویل نوٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’کشمیر میں سکون ہونے کی جھلک جھوٹی اور مضطرب ہے‘۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق زائرہ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’کشمیر کو بدستور آزمائش کا سامنا ہے اور یہ امید اور اضطراب کے درمیان ڈول رہا ہے، بڑھتی ہوئی مایوسی اور رنج کی جگہ اب سکون کی جھوٹی اور بے چین جھلک نے لے لی ہے‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

زائرہ کا کہنا تھا کہ ’کشمیر ایک ایسی دنیا میں آزمائش کا سامنا کررہا ہے جہاں ہماری آزادی پر پابندی لگانا نہایت آسان ہے، ہمیں کیوں ایسی دنیا میں رہنا پڑ رہا ہے جہاں ہماری زندگیاں اور خواہشات محدود، مسلط اور توڑ مروڑ دی گئی ہیں‘۔

اپنی پوسٹ میں زائرہ نے لکھا کہ ہماری آوازیں خاموش کروانا اتنا آسان کیوں ہے؟ ہماری آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانا اتنا آسان کیوں ہے؟ وہ فیصلہ جو ہماری خواہشات کے برعکس کیا گیا اس کی منظوری تو دور کی بات ہمیں اپنی رائے دینے کی بھی اجازت کیوں نہیں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارے نقطہ نظر کی وجہ دیکھنے کے بجائے ہمارے خیال کی بے رحمی سے مذمت کردی گئی‘۔

زائرہ وسیم نے محض 13 برس کی عمر میں کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: فلمی بیٹ
زائرہ وسیم نے محض 13 برس کی عمر میں کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: فلمی بیٹ

انسٹاگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’ہماری آوازوں کو سختی سے دبانا اتنا آسان کیوں؟ ہم دنیا کو اپنی موجودگی کی یاد دہانی کروائے بغیر اور ہمیشہ کسی کشمکش کا سامنا کیے بغیر آسان زندگی کیوں نہیں گزار سکتے؟

انہوں نے مزید لکھا کہ ایک کشمیری کی زندگی ہمیشہ بحران، بندشوں اور شورش سے ہی گزرنا کیوں ہے اور وہ بھی اتنے بڑے پیمانے پر کہ اس نے دل اور دماغ سے معمول کی صورتحال اور ہم آہنگی کی پہچان ہی چھین لی ہے۔

زائرہ وسیم کا کہنا تھا کہ ’اس طرح کے ہزاروں سوالات کے جوابات اب تک نہ مل سکے جس نے ہمیں حیرت زدہ اور مایوسیوں کا شکار بنا دیا ہے لیکن ہماری محرومیوں کو کوئی ٹھکانا نہیں مل سکا، حکام ہمارے شبہات اور قیاس آرائیوں کو روکنے کی معمولی سی کوشش بھی نہیں کرتے بلکہ اپنے راستے پر چلنے پر بضد ہیں تا کہ ہمارے وجود الجھن، متصادم اور مفلوج دنیا میں محدود کردیں‘۔

سیکریٹ سپر اسٹار میں زائرہ وسیم نے گلوکارہ کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ
سیکریٹ سپر اسٹار میں زائرہ وسیم نے گلوکارہ کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ

پوسٹ کے آخر میں انتہائی اہم پیغام دیتے ہوئے انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ حقائق کی ’غیر منصفانہ نمائندگی‘ یا کشمیر میں سب اچھا ہے کی خبروں پر یقین نہ کریں بلکہ ’سوال کریں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں دنیا سے سوال کرتی ہوں کہ ’ہم جس جبر اور مصائب سے گزر رہے ہیں اس کو قبول کرنے کے لیے کس چیز نے آپ کو روکا ہے؟‘

بات کو جاری رکھتے ہوئے سابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ حقائق کی غیر منصفانہ نمائندگی اور تفصیلات کے بارے میں میڈیا کی جانب سے پیش کردہ صورتحال کی سچائی کی خوش گمانیوں پر یقین نہ کریں، سوال پوچھیں، جانبدارانہ مفروضوں کو دوبارہ جانچیں، سوال پوچھیں ہماری آوازوں کو دبانے سے متعلق اور اس بارے میں کہ ہم کب تک نہیں جانیں گے۔

زائرہ نے عامر خان کے ساتھ دو فلموں میں کام کیا — فوٹو: فائل
زائرہ نے عامر خان کے ساتھ دو فلموں میں کام کیا — فوٹو: فائل

یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے 2016 میں عامر خان کی فلم 'دنگل' کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔

اس فلم کی کامیابی کے بعد زائرہ کو بھارت میں نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا، جس کے بعد ان کی ایک اور فلم 'سیکرٹ سپراسٹار' سامنے آئی تھی اور وہ بھی کامیاب ثابت ہوئی تھی۔

تاہم گزشتہ سال اداکارہ نے فلمی صنعت کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا تھا کیوں کہ ان کے کیرئیر کا انتخاب ان کے مذہبی عقائد پر اثرانداز ہورہا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024