• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے 7 کشمیری زخمی

شائع May 5, 2020
بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 7کشمیری شہری زخمی ہوئے— فائل فوٹو: رائٹرز
بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 7کشمیری شہری زخمی ہوئے— فائل فوٹو: رائٹرز

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو نوجوانوں سمیت 7 شہری زخمی ہو گئے۔

بھمبر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس میر محمد عابد نے بتایا کہ پیر کو شام چار بجے سے سورج ڈھلنے کے بعد تک بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے ضلع بنڈالا میں بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، خاتون شہید

انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا بےدریغ استعمال کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین گاؤں میں 6 شہری زخمی ہو گئے۔

میر محمد عابد نے بتایا کہ زخمیوں میں کھاوالیاں گاؤں کے 37 سالہ وحید خان اور 40 سالہ زرینہ بیگم، گڑھی کھاوالیاں گاؤں میں 9 سالہ طیب اور 35 سالہ چوہدری محمد جمیل جبکہ پینگا گاؤں میں 34 سالہ شاہین کوثر کے ساتھ ساتھ 40 سالہ ناظمہ بی بی بھی زخمی ہو گئیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی پولیس راشد نعیم خان نے بتایا کہ ضلع پونچھ میں بھارتی فوج نے باقاعدہ ہدف بنا کر فائرنگ کی اور ایک گولی لگنے سے 14 سالہ محمد دانش زخمی ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، 2 سالہ بچہ جاں بحق، 4 زخمی

انہوں نے ڈان کو بتایا کہ پولاس گاؤں میں لڑکا اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا کہ بھارتی فوجی نے 200 میٹر دوری پر واقع اپنی چوکی سے اسے نشانہ بنا کر زخمی کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گولی لڑکے کے پاؤں میں لگی اور اسے علاج کے لیے راولاکوٹ کے ہسپتال داخل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے اکثر لائن آف کنٹرول کے قریب واقع شہری آبادیوں اور گاؤں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جس کے نتیجے میں عام شہریوں کے ہلاک و زخمی ہونے واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔

پیر کو ضلع کوٹلی کے گاؤں رد کتھر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مویشیوں کے لیے گھاس کاٹنے والی خاتون ہلاک ہو گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری سول ڈیفنس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سید شاہد محی الدین کے مطابق 2020 کے آغاز سے اب تک بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے کم از کم 6 شہری جاں بحق اور 70 سے زائد خمی ہو چکے ہیں۔

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شاید ہی کوئی دن ایسا جاتا ہو جب کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے کوئی شہری ہلاک یا زخمی نہ ہوتا ہو۔

انہوں نے کہا کہ حقیقتاً بھارتی فوج بزدلوں کا ٹولہ ہے جو اپنی فاشسٹ حکومت کی ایما پر کنٹرول لائن کی دونوں اطراف معصوم اور غیر مسلح کشمیریوں کو نشانہ بنا کر ہلاک و زخمی کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024