• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

امریکی گلوکارہ کے انتقال کی خبر معمہ بن گئی

شائع May 5, 2020
گلوکارہ کیڈی گروز، فوٹو: ٹوئٹر
گلوکارہ کیڈی گروز، فوٹو: ٹوئٹر

امریکی گلوکارہ کیڈی گروز کا 30 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا اور ان کی موت کی خبر ان کے بھائی کوڈی گروز نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔

فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق کیڈی گروز نے اپنے کیریئر میں ’دِس لٹل گرل‘ اور ’آئل اینڈ واٹر‘ جیسے کامیاب گانوں کی گلوکاری کی۔

کیڈی کے بھائی کوڈی گروز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداحوں کے ساتھ اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے بہن کے ہمرہ ایک یادگار تصویر بھی شیئر کی۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ کیڈی گروز اس دنیا کو چھوڑ کر چلی گئیں، ابھی بہت کم تفصیلات سامنے آئیں ہیں، تاہم فیملی کوشش کررہی ہے کہ معلومات ملتے ہی اسے لوگوں کے ساتھ شیئر کریں۔

ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ امید ہے کیڈی اب اپنے بھائیوں کیلی اور کیسی گروز سے مل جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق کیڈی گروز کے بھائیوں کیسی گروز اور کیلی گروز کا انتقال 2007 اور 2014 میں ہوا تھا۔

2015 میں دیے ایک انٹرویو میں کیڈی گروز نے بتایا تھا کہ ان کے دونوں بھائیوں کا انتقال 28 سال کی عمر میں ہوا اور یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ کیسی گروز کا 2007 میں قتل ہوا تھا۔

کیڈی گروز کی موت کی خبر کے حوالے سے سامنے آئی کوڈی کی ٹوئٹ کے بعد ایسی قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیں کہ گلوکارہ کے انتقال کی خبر جھوٹی ہے جس پر ان کے بھائی نے ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’کاش یہ ایک جھوٹی خبر ہوتی‘۔

اس کے علاوہ انتقال کے حوالے سے پہلی ٹوئٹ میں تفصیلات شیئر نہ کرنے کی وجہ سے چند مداحوں نے یہ بھی مان لیا کہ کیڈی گروز کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں۔

تاہم یہ افواہیں بھی سامنے آئیں کہ انہوں نے خودکشی کی، جس کے بعد ان کے بھائی نے ایک اور ٹوئٹ کی جس میں اپنی بہن گلوکارہ کیڈی کے انتقال کی تفصیلات مداحوں سے شیئر کی۔

انہوں نے ایک طویل بیان میں کیڈی کے کورونا سے متاثر ہونے کی افواہوں کی تردید کی جبکہ یہ بھی واضح کیا کہ ڈاکٹر نے ان کا مکمل معائنہ کیا اور انہوں نے خود کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں پہنچائی تھی۔

کوڈی گروز کے مطابق کیڈی گزشتہ سال سے چند طبی مسائل کا شکار تھی اور ان کی طبعی موت ہی ہوئی ہے۔

انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ گلوکارہ سے متعلق کسی قسم کی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں جبکہ ان کی فیملی کی پرائیویسی کا احترام کریں۔

کوڈی گروز نے یہ بھی بتایا کہ ان کی بہن کا نیا البم بھی جلد ریلیز ہونے والا تھا اور وہ اپنے گانوں کو دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے کافی پرجوش تھیں۔

کیڈی گروز نے اپنے کیریئر کا باقاعدہ آغاز 2009 میں اپنے بھائی کے انتقال کے دو سال بعد کیا، گلوکارہ کے مطابق انہوں نے بھائی کے انتقال کے بعد ہی اپنے کیریئر میں سنجیدگی سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان کا پہلا سولو گانا ’دِس لٹل گرل‘ 2012 میں سامنے آیا تھا۔

2014 میں اپنے دوسرے بھائی کیلی کے انتقال کے بعد انہوں نے بھائی کی یاد میں ایک گانا ’برنگ بیک دی سن‘ تحریر کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

HonorBright May 06, 2020 02:04pm
Anybody would wish this news was not true...

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024