• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کورونا: برطانیہ میں ہلاکتیں اٹلی سے زیادہ، یورپ کا سب سے زیادہ اموات والا ملک بن گیا

شائع May 5, 2020
برطانیہ میں اموات کی تعداد 32 ہزار سے تجاوز کرگئی—فائل فوٹو: رائٹرز
برطانیہ میں اموات کی تعداد 32 ہزار سے تجاوز کرگئی—فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور اب یورپ میں برطانیہ سب سے زیادہ اموات والا ملک بن گیا ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق منگل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں اموات 32 ہزار سے تجاوز کرگئیں۔

جس کے ساتھ ہی برطانیہ یورپ میں سب سے زیادہ اموات والا ملک بن گیا اور اس نے اٹلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

سب سے زیادہ اموات برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر سیاسی دباؤ میں اضافہ کرسکتی ہیں کیونکہ انہوں نے مارچ میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کرنے میں دیگر یورپی رہنماؤں کے مقابلے میں طویل انتظار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: برطانوی وزیراعظم بھی کورونا کا شکار

برطانیہ کے قومی شماریات کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں 7 ہزار مزید اموات کا اضافہ ہوا جس کے بعد وہاں مجموعی اموات 32 ہزار 313 ہوگئیں۔

اعداد و شمار، اموات کا حساب لگانے کے مختلف طریقوں میں سے ایک ہے اور اس کا دیگر ممالک سے موازنہ کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن یہ واضح اشارے موجود ہیں کہ برطانیہ یورپ میں دیگر ممالک کے مقابلے میں دیر سے متاثر ہونے کے باوجود سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن سکتا ہے۔

ادھر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لاک ڈاؤن میں تاخیر کے بورس جانسن کے ابتدائی فیصلے پر سوالات اٹھائے جب اٹلی میں ہسپتالوں میں پہلے ہی جگہ پوری ہوچکی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بورس جانسن کی حکومت نے عوام کی ٹیسٹنگ کرنے اور ہسپتالوں کو حفاظتی سامان فراہم کرنے میں تاخیر کی۔

علاوہ ازیں یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کورونا وائرس سے برطانیہ میں مرنے والوں کی اصل تعداد اس سے زیادہ ہوسکتی ہے۔

قومی شماریات کے دفتر کے مطابق اندازے کے مطابق 24 اپریل تک انگلینڈ اور ویلز میں 33 ہزار 593 افراد کی ہلاکت ہونی تھی تاہم اس روز تک 27 ہزار 365 کیسز ایسے تھے جن کے موت کے سرٹیفکیٹس پر کورونا لکھا گیا تھا۔

خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے گزشتہ سال دسمبر میں شروع ہونے والا نوول کورونا وائرس دنیا بھر کے 185 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

اس وائرس سے اب تک 35 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ڈھائی لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں پاکستانی برادری کو کورونا سے زیادہ خطرہ

اگرچہ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر امریکا ہے اور اموات کی تعداد بھی وہاں سب سے زیادہ ہے تاہم یورپ میں بھی بری طرح اس وائرس کے اثرات سامنے آئے ہیں۔

یورپ میں برطانیہ کے بعد اٹلی، اسپین سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہیں۔

برطانیہ کی بات کریں تو وہاں کے وزیراعظم بورس جانسن اور شہزادہ چارلس بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

تاہم بورس جانسن کی حالت کورونا وائرس کی وجہ سے کافی خراب ہوئی تھی اور انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں وہ صحتیاب ہوکر ہسپتال سے ڈسچارج ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024