• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

گلوکارہ کومل رضوی یوٹیوب پر شیف بن گئیں

شائع May 14, 2020
گلوکارہ اب یوٹیوب پر کھانے بنانا سکھائیں گی، فوٹو: اسکرین شاٹ
گلوکارہ اب یوٹیوب پر کھانے بنانا سکھائیں گی، فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان کی نامور گلوکارہ و اداکارہ کومل رضوی نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کرنے کا اعلان کردیا تاہم اپنے چینل پر وہ مداحوں کو کچھ اور ہی کرتی نظر آئیں گی۔

اپنی گلوکاری سے مقبولیت حاصل کرنے والی کومل رضوی کے یوٹیوب چینل کا نام ’کومل کچن‘ ہے جہاں وہ مداحوں کو مزیدار پکوان بنانا سکھائیں گی۔

اس خبر کا اعلان کومل رضوی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اپنی پوسٹ میں گلوکارہ نے لکھا کہ ’میں نے نیا یوٹیوب چینل لانچ کردیا، جس کا نام کومل کچن ہے اور پہلی قسط میں ریلیز کی جاچکی ہے‘۔

کومل رضوی کے مطابق ’اگر آپ کو شادیوں میں پیش کیا جانے والا چکن قورمہ بنانا ہو یا ریسٹورنٹ میں ملنے والی شیرمال گھر میں تیار کرنی ہو، یا صرف یہ جاننا چاہتے ہوں کہ میں پکوان کس طرح تیار کرتی ہوں، تو میری ویڈیوز ضرور دیکھیں اور سبسکرائب کرنا مت بھولیں‘۔

گلوکارہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ پیر سے جمعرات یہ ویڈیوز یوٹیوب چینل پر شیئر کریں گی۔

اپنے یوٹیوب چینل کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے کومل رضوی نے بتایا کہ وہ بہت چھوٹی عمر سے کھانے پکانے کی شوقین ہیں لیکن میوزک کیریئر کی وجہ سے وہ کبھی اس جانب فوکس نہیں کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’جب میں 11 سال کی تھی تو میں نے پکوڑے بنانے کی ضد کی اور اس کے نتیجے میں میرا پورا چہرا جھلس گیا‘۔

گلوکارہ کے مطابق ’چہرے کا علاج کروانے کے لیے مجھے نائیجیریا سے لندن پہنچایا گیا، خوش قسمتی سے پہلی ڈگری کے زخم تھے، مجھے صحتیاب ہونے میں 6 ہفتوں کا وقت لگا، میں کھانا پکانے کے لیے بےحد جنونی ہوں‘۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے حکومت نے لاک ڈاؤن نافذ کیا اور اس دوران کومل رضوی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کئی ویڈیوز شیئر کیں جن میں وہ پکوان تیار کرتی نظر آئیں، جس کے بعد مداحوں نے ان سے ان کھانوں کی ترکیب بناتے کی بھی درخواست کی۔

مزید پڑھیں: کورونا لاک ڈاؤن: صبا قمر کا بھی یوٹیوب چینل لانچ کرنے کا اعلان

اس حوالے سے کومل رضوی کا کہنا تھا کہ ’اس وقت میں نے سوچا میں کہاں ان پکوان کی ترکیب بتاؤں، میرے پاس کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا، اب لاک ڈاؤن کے دوران میں اکلیے یہ شو کروں گی، جہاں میں اپنی فیملی کے بارے میں بات چیت کروں گی اور کھانے بنانا سکھاؤں گی‘۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ 21 سال کی عمر میں انہوں نے لندن سے کلنری آرٹس کا ڈپلوما مکمل کیا۔

کومل رضوی کے مطابق ’2019 میں امریکا کے ماسٹرشیف میں میرا انتخاب ہوگیا تھا اور میں ان 20 شیفس میں تھی جن کو اس پروگرام کے لیے چنا گیا، لیکن میں اپنے گرین کارڈ کے باعث ہونے والے چند مسائل کی وجہ سے اس شو کا حصہ نہیں بن سکتی اور شوٹنگ کے آغاز سے ایک روز قبل شو چھوڑنا پڑا‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024