• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:05pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:05pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:33pm

کورونا وبا: ملک میں ایک روز میں کورونا کے 4 ہزار سے زائد کیسز، پنجاب میں 43 اموات

شائع June 2, 2020 اپ ڈیٹ June 3, 2020
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 78 ہزار 475 جبکہ اموات 1652 تک پہنچ گئی ہیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج اب تک 4155 کیسز کا اضافہ ہوا تاہم اس میں بلوچستان کے دو روز کے کیسز شامل تھے جبکہ ایک روز میں 78 اموات کی تصدیق ہوئی۔

اس کے علاوہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

تاہم اگر ملک میں اعداد و شمار کے اضافے کو دیکھیں تو وہ ایک تشویشناک صورتحال کی جانب اشارہ ہے۔

ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کو اگر دیکھیں تو اس کی ابتدا 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد ہوئی اور اس سے 31 مارچ تک مریضوں کی تعداد تقریباً 2 ہزار جبکہ 18 مارچ کو پہلی ہلاکت کے بعد اس ماہ کے آخر تک یہ تعداد 26 تک پہنچی تھی۔

تاہم اپریل میں ان کیسز میں اضافہ ہوا اور اسی ماہ کے اختتام تک متاثرین ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات بھی بڑھ کر 385 ہوگئیں۔

جس کے بعد مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور صرف 31 دنوں میں کیسز میں 54 ہزار جبکہ اموات میں 1100 سے زائد کا اضافہ ہوا اور مجموعی کیسز 71 ہزار سے زائد اور اموات 1500 سے بڑھ گئیں۔

بعد ازاں جون کا آغاز بھی کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا اور ایک دن میں ڈان نیوز کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 3 ہزار 252 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے جبکہ 54 اموات بھی ہوئیں۔

آج (2 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز میں روز اضافہ ہورہا ہے اور آج ایک روز کے ریکارڈ 1439 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 23 اموات ہوئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1439 نئے کیسز رپورٹ آئے جس سے مجموعی تعداد 31 ہزار 86 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 افراد کا انتقال بھی ہوا جس سے مجموعی اموات کی تعداد 526 ہوگئی جبکہ اس وقت 358 مریض ایسے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں ایک روز میں 1610 نئے کیسز اور ریکارڈ 43 اموات سامنے آگئیں۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1610 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 27850 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 43 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 540 تک پہنچ گئی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ اب تک 7 ہزار 116 مریض صحتیاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد، جو ابتدا میں وائرس سے کافی کم متاثر تھا وہاں اب کیسز میں درجنوں کے بجائے سیکڑوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ایک روز میں مزید 304 نئے مریضوں کی تصدیق ہوگئی جبکہ 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

اس نئے اعداد و شمار کے بعد اسلام آباد میں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 2589 سے بڑھ کر 2893 تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا اور یہ 28 سے بڑھ کر 30 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 412 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 10897 ہوگئی۔

بیان میں مزید 8 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں وائرس سے اموات کی تعداد 490 ہوگئی ہے۔

ان 8 میں سے 3 مریض پشاور جبکہ مردان، سوات، کوہاٹ، ایبٹ آباد لوئر دیر میں ایک، ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔

بلوچستان

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق 48 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 413 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد بلوچستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 4740 ہوگئی ہے۔

تاہم محکمہ صحت کی جانب سے یہ بتایا گیا کہ ان تعداد میں 66 کیسز کو گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کے اعداد و شمار میں ایڈجسٹ کیا گیا جس کے بعد 2 روز کے کیسز کی اصل تعداد 347 رہی، جس میں 121 کیسز گزشتہ روز کے بھی شامل تھے۔

بلوچستان میں وبا سے مزید اموات بھی واقع ہوئیں جس کے بعد صوبے میں جاں بحق مریضوں کی مجموعی تعداد 49 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

وہیں گلگت بلتستان میں بھی کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 27 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز 711 سے بڑھ کر 738 تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 16 نئے متاثرین سامنے آگئے۔

واضح رہے کہ اس وقت ملک میں سب سے کم متاثر علاقہ آزاد کشمیر ہے۔

ان نئے متاثرین کے بعد وہاں اب تک مجموعی طور پر وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد 255 سے بڑھ کر 271 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

دوسری جانب ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک مجموعی کیسز کی ایک بڑی تعداد شفایاب ہوچکی ہے۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ایک ہزار 27 ایسے مریض تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی۔

جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 26 ہزار 83 سے بڑھ کر 27 ہزار 110 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 78475

اموات: 1652

صحتیاب 27110

فعال کیسز: 49713

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 31 ہزار 86 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 27 ہزار 850 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 10 ہزار 897 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 740 ہے۔

اسلام آباد میں 2893، گلگت بلتستان میں 738 اور آزاد کشمیر میں 271 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

پنجاب: 540

سندھ: 526

خیبرپختونخوا: 490

بلوچستان: 49

اسلام آباد: 30

گلگت بلتستان:11

آزاد کشمیر: 06


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 74 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی۔

جس کے بعد جون کا آغاز بھی مزید اموات کے ساتھ ہوا ہے اور اب تک تعداد 1550 سے زائد ہوچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024