ذوالفقار مرزا سے جیل میں خیریت معلوم کرنے کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی، آفاق احمد
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کا کہنا ہے کہ جیل کاٹنے کے دوران سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا سے ملاقاتوں میں خیریت معلوم کرنے کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ 'ذوالفقار مرزا نے صوبائی وزیر داخلہ کی حیثیت سے مجھ سے جیل میں ملاقات کی، مختلف اوقات میں دیگر حکومتی شخصیات بھی میرے پاس آئیں، جیل میں سیاسی لوگوں کی سیاسی لوگوں سے ملاقاتیں کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'ذوالفقار مرزا میرے پاس دو بار آئے جس میں حال چال پوچھنے کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی، ذوالفقار مرزا کا حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی میں کوئی کلیدی کردار نہیں تھا، میں جب رہائی اور ان کے گوشہ نشینی اختیار کرنے کے بعد ان سے ملاقات کے لیے گیا تو انہوں نے بتایا کہ آصف علی زرداری نے اپنی دوستی یا الطاف حسین سے دشمنی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کو کہا'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ممکن ہے کہ ذوالفقار مرزا کا جیل میں مجھ سے ملاقات کا مقصد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو ڈرانا اور یہ پیغام دینا ہو کہ آفاق احمد سے ہمارے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: نثار مورائی سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے، جے آئی ٹی
آفاق احمد نے کہا کہ 'جب ذوالفقار مرزا مجھ سے جیل میں ملنے آئے ممکن ہے اس وقت ان کے ساتھ نثار مورائی بھی موجود ہوں، لیکن مجھے اس بات کا علم نہیں اور نہ میں اس سے انکار کر رہا ہوں'۔
انہوں نے کہا کہ 'مجھے اس بات سے دکھ پہنچا کہ یہ کہا گیا کہ ذوالفقار مرزا نے مجھے دو بار 20 سے 25 لاکھ روپے دیے، دنیا جانتی ہے کہ میں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کوئی سیاسی شخص یا ادارہ یہ دعویٰ نہیں کر سکتا کہ میں نے ان سے ایک روپیہ بھی لیا ہو'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'نثار مورائی ایک جرائم پیشہ شخص ہے، میں ہر ایسے شخص کے الزام کی وضاحت نہیں کر سکتا، دکھ اس بات کا ہے کہ جن لوگوں نے اس سے یہ فرمائشی بیانات دلوائے ہوں گے انہیں کم از کم میری حیثیت کا علم ہونا چاہیے تھا، ایسا صرف بلیک میل کرنے کے لیے کہا جاتا ہے'۔
چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ 'یہ سب ان جے آئی ٹیز سے ڈرانے کے لیے کیا جاتا ہے، آفاق احمد اپنے اصولوں پر ڈٹ کر کام کرنے والا انسان ہے اور وہ ان الزامات سے خوفزدہ ہو کر کسی کی فرمائش پر کام نہیں کر سکتا'۔
یہ بھی دیکھیں: ایم کیو ایم پاکستان کی افطار میں پہلی بار آفاق احمد کی شرکت
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے عذیر بلوچ، نثار مورائی اور سانحہ بلدیہ فیکٹری کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹس جاری کر دی تھیں۔
نثار مورائی سے متعلق جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ ذوالفقار مرزا نے مہاجر قومی موومنٹ کو متحدہ قومی موومنٹ (الطاف) کے خلاف مضبوط کرنے کے لیے مالی معاونت، اسلحہ و گولہ بارود فراہم کیا۔
رپورٹ میں مزید کئی انکشافات بھی سامنے آئے تھے۔