• KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm
  • KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm

چوہدری شجاعت کی وزیر اعظم سے بحران زدہ کراچی کا دورہ کرنے کی درخواست

شائع August 31, 2020
چوہدری شجاعت کے مطابق وزیر اعظم خان ایک ہفتے کے لئے کراچی کا دورہ کریں اور اس کے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کریں — فائل فوٹو:پی ٹی وی
چوہدری شجاعت کے مطابق وزیر اعظم خان ایک ہفتے کے لئے کراچی کا دورہ کریں اور اس کے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کریں — فائل فوٹو:پی ٹی وی

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے اس کا دورہ کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ایک ہفتے کے لیے کراچی کا دورہ کریں اور اس کے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کریں۔

انہوں نے تباہ کن بارشوں کے بعد کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'انہیں یقین دہانی کرنی چاہیے کہ ان کے دیے گئے احکامات پر عمل درآمد ہو'۔

انہوں نے کہا کہ 'کراچی ہمیشہ سیاسی بیان بازی کا شکار ہوا ہے، کراچی میں تمام بڑی سیاسی جماعتیں برسر اقتدار رہی ہیں، یہاں گورنر راج بھی رہا، میئرز اور ایڈمنسٹریٹر بھی تعینات تھے لیکن افسوس کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے علاوہ کراچی کے لوگوں کی بھلائی کے لیے کچھ نہیں کیا گیا'۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ کراچی کے دیگر مسائل میں صاف پانی کا مسئلہ نمایاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے مسئلے پر دھیان دینا چاہیے کیونکہ زیادہ تر لوگوں نے کراچی کی صفائی پر کام کرنے کی بجائے 'ہاتھ کی صفائی' دکھائی ہے، 'یہاں طاقت کا مطلب صرف پیسہ ہے'۔

مزید پڑھیں: بلوچستان کے 9 اضلاع میں سیلابی صورتحال، ایمرجنسی نافذ

انہوں نے کہا کہ جب بھی شہر پر کوئی آفت آتی ہے یہ کہا جاتا تھا کہ میئر کام کرے گا لیکن میئر نے اختیارات نہ ہونے کی شکایت کی، جب معاملات قابو سے باہر ہو جاتے ہیں تب فوج سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ صفائی ستھرائی مہمات کی نگرانی کریں۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ اختیارات کی تقسیم کا نہیں بلکہ انتظامی امور کے بارے میں پالیسی تشکیل دینا ہے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے کراچی اور آس پاس کے علاقے اور دیہات میں سیلابی صورتحال دیکھی گئی، جس میں کئی افراد ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔

اتوار اور جمعہ کی درمیانی شب کراچی میں طوفانی بارش کی وجہ سے حکام سیلاب زدہ سڑکوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے کشتیاں استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے تھے۔

مختلف امریکی موسمیاتی نگراں ایجنسیز نے آئندہ ہفتے بھی کراچی میں تیز اور وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024