• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

دلیپ کمار بھائیوں کی موت سے لاعلم ہیں، سائرہ بانو

شائع September 4, 2020
ان کے دونوں بھائیوں  کو 16 اگست کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا — فوٹو: ٹوئٹر
ان کے دونوں بھائیوں کو 16 اگست کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا — فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ فلم نگری کے معروف اور لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے دونوں بھائی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کے مطابق اداکار کو اپنے بھائیوں کی موت کا علم نہیں ہے۔

خیال رہے کہ دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں احسان خان اور اسلم خان کو 16 اگست کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

بعدازاں دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سائرہ بانو نے بتایا کہ سچ کہوں تو دلیپ کمار کو نہیں بتایا گیا کہ اسلم بھائی اور احسان بھائی اب نہیں رہے۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار کے 2 بھائی کورونا کا شکار، ہسپتال میں داخل

اداکار کو بھائیوں کی موت سے لاعلم رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ہر طرح کی پریشان کن خبریں ان سے دور رکھتے ہیں۔

سائرہ بانو نے کہا کہ یہاں تک کہ ہم نے انہیں امیتابھ بچن کو کورونا وائرس ہونے اور ان کے ناناوتی ہسپتال میں داخل ہونے سے بھی آگاہ نہیں کیا تھا کیونکہ وہ امیتابھ کو بہت پسند کرتے ہیں۔

دلیپ کمار کی طبیعت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ گھر میں ہیں کیونکہ قرنطینہ اولین ترجیح ہے لیکن حال ہی میں ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے ان کے بلڈ پریشر میں تبدیلی آئی تھی اور ان کا علاج ہورہا ہے۔

احسان خان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سائرہ بانو نے بتایا کہ دلیپ کمار کے بھتیجوں عمران اور ایوب نے احسان خان کی آخری رسومات ادا کیں۔

سائرہ بانو نے کہا کہ ہمارا خیال تھا کہ احسان بھائی بہتر ہوجائیں گے، انہوں نے 2 ہفتوں سے زائد عرصے تک بیماری کے خلاف جنگ لڑی۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار کے بھائی کا کورونا وائرس کے باعث انتقال

انہوں نے کہا کہ لیلاوتی ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد آکسیجن کی سطح سمیت ان کے اہم پیرامیٹرز مستحکم تھے لیکن 2 ستمبر کی دوپہر کو اچانک ان کی صحت اچانک گری تھی۔

سائرہ بانو نے بتایا کہ احسان بھائی کی طبیعت بگڑنے سے متعلق ڈاکٹر جلیل پارکر نے آگاہ کیا اور ان کی طبیعت رات تک مزید بگڑ گئی تھی۔

دلیپ کمار کے بھائیوں کی موت سے متعلق انہوں نے کہا کہ 'ان دونوں کو کھونا بہت ہی ہولناک ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کچھ دن پہلے ایک دوست کو بھی کھودیا تھا، وہ صرف 51 برس کی تھیں اور زندگی سے بھرپور تھیں۔

سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ' کووڈ-19 یقیناً خدا کی طرف سے کوئی سزا ہے، اس سے قبل کبھی ایسی تباہی نہیں دیکھی، پوری دنیا گمراہ ہوچکی ہے اور اس کی قیمت چکارہی ہے'۔   ان کا کہنا تھا اب ہمیں خدا سے دعا کرنی چاہیے کہ وہ ہمیں معاف کردے۔

خیال رہے کہ احسان خان اور اسلم خان کو سانس لینے کی شکایت پیدا ہوئی تھی اور ڈاکٹر نیتن گوکھلے نے انہیں ہسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ ان کے جسم میں آکسیجن کی سطح انتہائی کم تھی۔

علاوہ ازیں دلیپ کمار کے دونوں بھائی فشار خون اور امراض قلب کا شکار بھی تھے۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار کے دوسرے بھائی بھی کورونا وائرس سے انتقال کرگئے

دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں کو لیلاوتی ہسپتال کے ڈاکٹر جلیل پارکر کی نگرانی میں داخل کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے جب جلیل پارکر سے رابطہ کیا گیا تھا تو انہوں نے بتایا کہ اسلم خان اور احسان خان نان انویسیو وینٹی لیٹر پر ہیں کیونکہ ان میں آکسیجن کی سطح 94 فیصد سے بھی کم تھی اور دونوں کو بخار اور کھانسی بھی تھی۔

بعدازاں دلیپ کمار کے بھائیوں کے ہسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے سائرہ بانو نے بتایا تھا کہ وہ جلیل پارکر اور کارڈیولوجسٹ نیتن گوکھلے کی نگرانی میں زیر علاج ہیں دعا کریں کہ وہ جلد ٹھیک ہوجائیں۔

21 اگست کو بھائی اسلم خان کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے، ہسپتال کے مطابق کورونا وائرس کے علاوہ اسلم خان ذیابیطس، فشار خون اور دل کی بیماری اسکیمک (جس میں ٹشوز کو خون کی سپلائی رک جاتی ہے) کا بھی شکار تھے۔

جس کے بعد گزشتہ روز ان کے دوسرے بھائی احسان خان بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے، انہیں عارضہ قلب، بلند فشار خون کو مسئلہ بھی لاحق تھا اور وہ الزائمر کی بیماری میں بھی مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دلیپ کمار مارچ کے مہینے میں آئسولیشن میں چلے گئے تھے اور اس حوالے سے انہوں نے ٹوئٹر کے ذریعے آگاہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ بولی وڈ کے متعدد اداکار کورونا کا شکار ہوئے تھے جو کئی دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد صحت مند ہوئے۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی بولی وڈ شخصیات میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے اور کرن کمار سمیت دیگر شامل ہیں جو کم از کم 10 دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد صحت یاب ہوئے۔

علاوہ ازیں چند روز قبل بولی وڈ اداکارہ جینیلیا ڈی سوزا نے عالمی وبا کا باعث بننے والے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی آئسولیشن میں گزارے گئے دنوں کو چیلنجنگ قرار دیا تھا۔

اداکارہ میں 3 ہفتے قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی تاہم ان میں بیماری کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی تھی اور وہ 21 روز تک آئسولیشن میں رہیں۔

2 روز قبل بولی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز کےمینیجر اور اسپاٹ بوائے میں عالمی وبا کا باعث بننے والے کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024