سینئر سیاستدان و رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کا کورونا سے انتقال
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔
پارٹی رہنماؤں اور قریبی دوستوں کے مطابق جام مدد علی 15 روز قبل کورونا کا شکار ہوئے تھے جس پر انہیں کلفٹن کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جمعہ کو دم توڑ گئے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سینئر سیاستدان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جام مدد علی ایک بہترین انسان اور اچھے دوست تھے۔
گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے بھی سینئر سیاستدان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار سیٹھ کورونا کے باعث انتقال کرگئے
جام مدد علی 1962 میں سانگھڑ میں جام نواز علی میں پیدا ہوئے اور سندھ یونیورسٹی سے گریجوایشن کیا۔
انہوں نے اپنے ماموں و سابق وزیر اعلیٰ سندھ جام صادق علی کے دور میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔
جام مدد علی 2002، 2008 اور 2013 کے انتخابات میں فنکشنل لیگ کے ٹکٹ پر انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔
وہ 2008 سے 2011 تک سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی رہے۔
انہوں نے 2017 میں پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور سانگھڑ کے صوبائی اسمبلی کے حلقے 43 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔
جام مدد علی سندھ کی قائمہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ کے چیئرمین جبکہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے رکن بھی رہے۔
مزید پڑھیں: پی پی پی کے سینئر رہنما راشد ربانی کورونا سے انتقال کرگئے
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ملک کے متعدد سیاستدان کورونا کی وبا کا شکار ہو کر جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ اور پیپلز پارٹی کے راشد ربانی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔
گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ بھی کورونا کے باعث دم توڑ گئے تھے۔