• KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm
  • KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm

آئی سی سی پول: اسٹائلش بابراعظم کی کوہلی کو شکست، قومی کپتان ٹاپ ٹرینڈ

شائع February 4, 2021
بابراعظم نے 46 فیصد ووٹ حاصل کیے—فائل/فوٹو: کرک انفو
بابراعظم نے 46 فیصد ووٹ حاصل کیے—فائل/فوٹو: کرک انفو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بہترین کھلاڑیوں کی کور ڈرائیو پر کی جانے والی ووٹنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھارت کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کو پیچھےچھوڑ دیا۔

آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر دور حاضر کی کرکٹ کے چار بہترین بلے باز 'نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن، انگلیڈ کے ٹیسٹ کپتان جوروٹ، بھارت کے کپتان ویرات کوہلی اور قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم' کا بیٹنگ اسٹائل پر موازنہ کیا۔

پول میں شائقین سے ان چاروں بلے بازوں میں سے خوب صورت کور ڈرائیو کھیلنے والے بلے باز کے لیے ووٹ دینے کو کہا گیا تھا جہاں مداحوں نے قومی ٹیم کے کپتان کا انتخاب کیا۔

دنیا بھر سے شائقین کرکٹ نے بابر اعظم کو 46 فیصد ووٹ دے کر دور حاضر کا کور ڈرائیو ماسٹر قرار دیا۔

بھارت کے شہرہ آفاق بلے باز ویرات کوہلی کو شائقین نے 45 اعشاریہ 9 فیصد ووٹ سے نوازا اور وہ بابراعظم سے پیچھے رہ گئے۔

ووٹنگ میں دنیا بھر سے 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا اور دیگر دو بلے بازوں میں 7اعشاریہ ایک فیصد اور جوروٹ کو ایک اعشاریہ ایک فیصد ووٹ ملے۔

بابراعظم نے کرکٹ مداحوں کے دل جیتنے کے ساتھ ساتھ ٹوئٹر صارفین کو بھی اپنا گرویدہ بنالیا۔

آئی سی سی کے پول میں ویرات کوہلی سے جیتنے کے بعد بابراعظم ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔

مزید پڑھیں: بابراعظم نے تیزترین ہزار رنز کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا

مداحوں نے آئی سی سی کے پول کے جوابات میں بابراعظم کی خوب صورت کور ڈرائیور کی ویڈیو بھی جاری کیں تو وہیں بھارتی صارفین کوہلی کے لیے ووٹ مانگتے پائے گئے۔

کرنتھی کمار نامی ایک ٹوئٹر صارف نے جواب میں لکھا کہ 'یہ کرکٹ سے متعلق ہے نہ کہ ممالک کے حوالے سے ہے، اس لیے جو کھلاڑی بہتر کور ڈرائیو کرتا ہے ہمیں اسی کو ووٹ دینا چاہیے تاہم انہوں نے کوہلی کو بہتر قرار دیا'۔

ووٹنگ کے دوران بھارتی اورپاکستانی مداح آپس میں الجھتے بھی رہے اور ایک دوسرے کے بارے میں جملے کسے۔

کوہلی کے ایک مداح نے لکھا کہ 'دل کین ولیم سن کے ساتھ ہے لیکن دماغ کوہلی کے ساتھ ہے جس پر پاکستانی مداح نے جواب دیا اور ووٹ بابر کو'۔

خیال رہے کہ آئی سی سی نے 12 جنوری کو بہترین کرکٹر کے لیے اسی طرح کی ووٹنگ کروائی تھی جس میں پاکستانی ٹیم کے سابق عالمی چمپئن کپتان اورموجودہ وزیراعظم عمران خان کو کوہلی سے بہتر کرکٹر قرار دیا گیا تھا۔

اس پول میں عمران خان، بھارت کے ویرات کوہلی، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز اور آسٹریلیا کے میگ لیننگ میں سے بہترین کا انتخاب کرنے کا کہا گیا تھا۔

بیٹنگ کے 25.43 ٹیسٹ ایوریج اور بالنگ کے 25.53 اوسط کے ساتھ موجود وزیراعظم اور سابق کپتان عمران خان نے 47.3 فیصد ووٹس کے ساتھ پول جیتا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی پول میں وزیراعظم عمران خان بہترین کرکٹر قرار

ان کے بعد بھارت کے ویرات کوہلی 46.2 فیصد ووٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

بظاہر لگ بھگ آدھی رات تک ویرات کوہلی پول میں آگے تھے لیکن بعد میں پاکستانیوں نے بھارتیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے کپتان عمران خان کو جتوادیا تھا۔

پول میں عمران خان اور پاکستان کی جیت وہ بھی بھارت کے خلاف پاکستانی ٹوئٹر صارفین کی نظروں سے اوجھل نہ ہوسکی اور وزیراعظم کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوا جو ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024