• KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:48am
  • LHR: Fajr 5:06am Sunrise 6:30am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:40am
  • KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:48am
  • LHR: Fajr 5:06am Sunrise 6:30am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:40am

کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں شدت، 6 ہزار 127 نئے کیسز، 149 اموات رپورٹ

شائع April 18, 2021
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوب پنجاب میں ریکارڈ 3 ہزار562 نئے کیسز رپورٹ ہوئے—فائل فوٹو: رائٹرز
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوب پنجاب میں ریکارڈ 3 ہزار562 نئے کیسز رپورٹ ہوئے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی تسری لہر کے دوران صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے، ویکسینیشن کا عمل سست روی کا شکار ہے تاہم حکومت نے 21 اپریل سے 50 سال سے معمر افراد کی ویکسینیشن کا اعلان بھی کردیا ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 6 ہزار 127 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 149 مریض انتقال کر گئے، یہ تعداد جون 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 17 اپریل کو مجموعی طور پر71 ہزار 836 ٹیسٹس کیے گئے جو وبا کے آغاز سے ملک میں اب تک ایک روز میں کیے گئے ٹیسٹس کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

ان ٹیسٹس کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 8.52 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 80 ہزار 559 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 56 ہزار 285 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 16 ہزار 243 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 ہزار 527 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 59 ہزار 483 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 18 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ریکارڈ 3 ہزار562 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 97 مریض دم توڑ گئے۔

پنجاب میں گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے کیسز اور اموات کی یہ تعداد وبا کے آغاز سے اب تک سب سے زیادہ ہے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 67 ہزار 572 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 430 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز مزید 958 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 35 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 438 ہے جبکہ 2 ہزار 867 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں تیسری لہر کے دوران صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب کیسز میں واضح اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 673 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 72 ہزار 197 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 7 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 551 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 650 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 5 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 69 ہزار 556 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 636 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 220 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 5 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 15 ہزار 524 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 433 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 62 افراد کو متاثر کیا تاہم مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہزار 822 اور اموات کی تعداد 223 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے اور گزشتہ روز 2 کیسز سامنے آئے، یہاں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 176 ہے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024