• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز 8 لاکھ سے متجاوز

شائع April 26, 2021
وبا کی تشخیص کے لیے 25 اپریل کو مجموعی طور پر 50 ہزار 161 ٹیسٹس کیے گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
وبا کی تشخیص کے لیے 25 اپریل کو مجموعی طور پر 50 ہزار 161 ٹیسٹس کیے گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ بڑھتا جارہا ہے، ایسے میں مختلف پابندیوں کے ساتھ ساتھ ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے پاک فوج کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 4 ہزار 825 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 70 مریض انتقال کر گئے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 25 اپریل کو مجموعی طور پر 50 ہزار 161 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں نتائج مثبت آنے کی شرح 9.6 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 89 ہزار 219 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 8 لاکھ 452 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 17 ہزار 187 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 ہزار 223 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 94 ہزار 46 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر تعلیمی اداروں کی بندش، کاروبار کے اوقات مختصر، دفاتر میں کم حاضری سمیت متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور صورتحال بہتر نہ ہونے پر لاک ڈاؤن کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

پاکستان میں 26 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 2 ہزار 190 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 26 مریض دم توڑ گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 90 ہزار 788 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 990 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز مزید 956 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 31 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار 77 ہے جبکہ 3 ہزار 134مریض انتقال کر چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں بھی کیسز میں واضح اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 952 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار 545 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 599 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 469 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 5 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 73 ہزار 450 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 665 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 128 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک مریض دم توڑ گیا۔

یہاں مجموعی طور پر 16 ہزار 591 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 462 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 125 افراد کو متاثر کیا اور مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 21 ہزار 743 اور اموات کی تعداد 232 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی نسبت بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے اور گزشتہ روز5 کیسز سامنے آئے، یہاں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 258 ہے۔

گلگت بلتستان میں 19 اپریل کے بعد گزشتہ روز مزید ایک مریض دم توڑ گیا، یوں اموات کی تعداد 105 ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024