• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:05pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:05pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:33pm

بھارت میں کورونا کیسز میں ایک مرتبہ پھر ریکارڈ اضافہ

شائع April 30, 2021
بھارت میں وائرس کی دوسری لہر کا آغاز فروری کے آخر میں ہوا جس کے بعد سے اب تک بھارت میں 77 لاکھ کیسز سامنے آچکے ہیں۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی
بھارت میں وائرس کی دوسری لہر کا آغاز فروری کے آخر میں ہوا جس کے بعد سے اب تک بھارت میں 77 لاکھ کیسز سامنے آچکے ہیں۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی

بھارت کے وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3 لاکھ 86 ہزار 452 کیسز کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور وائرس سے مزید 3 ہزار 498 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فروری کے آخر میں جب بھارت میں وائرس کی دوسری لہر کا آغاز ہوا اس وقت سے اب تک بھارت میں 77 لاکھ کیسز سامنے آچکے ہیں۔

اس کے برعکس گزشتہ 77 لاکھ کیسز کے اضافے میں بھارت کو تقریباً 6 ماہ لگے تھے۔

پہلی امریکی امداد کی کھیپ بھارت پہنچ گئی

وبا کی سنگین صورتحال کا سامنا کرنے پر امریکا کی جانب سے بھارت کے لیے 400 سے زائد آکسیجن سلنڈر، ہسپتال کے دیگر سامان اور تقریبا دس لاکھ ریپڈ کورونا وائرس ٹیسٹ کٹس سے لیس امریکی سپر گیلکسی ملٹری ٹرانسپورٹر نئی دہلی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتر گیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن اور بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان بات چیت کے بعد کیلیفورنیا میں ٹریوس فوجی اڈے سے اس پرواز نے اڑان بھری تھی۔

مزید پڑھیں: بھارت میں کورونا کی صورتحال سنگین، یومیہ کیسز ایک مرتبہ پھر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے

امریکی عہدیداروں نے بتایا کہ کمپنیوں اور دیگر افراد کی جانب سے عطیہ کردہ سامان سے لیس خصوصی پروازیں آئندہ ہفتے تک جاری رہیں گی۔

سکھ گوردواروں میں 'آکسیجن لنگر' کا اہتمام

میڈیکل آکسیجن کی شدید قلت نے بھارت کی کورونا وائرس کی خوفناک دوسری لہر کو مزید خراب کردیا ہے اور ہسپتال مریضوں کو واپس لوٹانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ایسے موقع پر وائرس کے شکار مریضوں کے اہلخانہ اپنے پیاروں کے گھر میں علاج کے لیے آکسیجن سلنڈر کا بندوبست کرنے کے لیے پریشان ہیں۔

بھارتی سوشل میڈیا آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مرنے والے لوگوں کی کہانیوں سے بھرا پڑا ہے جبکہ بلیک مارکیٹ میں آکسیجن سلینڈرز 30 گنا زیادہ قیمتوں میں فروخت ہورہا ہے۔

اسی دوران نئی دہلی میں کم از کم دو سکھ گوردواروں میں آکسیجن لنگر کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو مفت آکسیجن فراہم کی جاسکے۔

فرانس میں بھارتی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا

فرانس کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے بی 1.617 قسم کا پہلا کیس سامنے آیا ہے جو اس وقت بھارت میں موجود ہے۔

وزارت نے بتایا کہ پہلا کیس ایک خاتون میں سامنے آیا جو بھارت سے واپس آئی تھیں اور وہ جنوب مغربی فرانس میں مقیم تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: کورونا وائرس کی نئی قسم کی موجودگی کا انکشاف

وزارت نے بتایا کہ دو دیگر افراد جنہوں نے حال ہی میں بھارت کا سفر کیا تھا، ان میں بھی بھارتی قسم کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 کروڑ ہوگئی

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 کروڑ سے تجاوز کرگئی۔

خبر ایجنسی نے رپورٹ میں کہا کہ عالمی سطح پر یومیہ کیسز کی تعداد اس سطح پر پہنچ چکی ہے جو وبا کے آغاز سے اب تک نہیں دیکھی گئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2019 میں چین سے سامنے آنے والا وائرس اب تک 15 کروڑ 3 لاکھ افراد کو متاثر کرچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024