فواد چوہدری کا حسبِ روایت قبل از وقت عید کی تاریخ کا اعلان
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ایک مرتبہ پھر وقت سے پہلے ہی عیدالفطر کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
اس سے قبل انہوں نے رمضان کے آغاز کا بھی اعلان کیا تھا تاہم اس وقت ان کے پاس وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا منصب تھا جو حال ہی میں ان سے لے کر شبلی فراز کو دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا منصب سنبھالنے کے بعد سے فواد چوہدری ہر سال وقت سے پہلے ہی رمضان اور عید کی تاریخوں کا اعلان کرتے آرہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اس بار 29 روزے ہوں گے یا 30؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
اسی طرح انہوں نے آج ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'اگرچہ عید کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی نے کرنا ہے لیکن وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بنائے گئے کیلنڈر اور رویت ایپلکیشن کے مطابق چاند 13 مئی کو نظر آ سکے گا اور عید الفطر 14 مئی بروز جمعہ کو ہو گی۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے بھی شوال کا چاند 12 مئی بروز بدھ کو نظر آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر قرار دیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے جاری بیان کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش 12 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 01 منٹ پر ہوگی اس لیے 12 مئی یعنی 29 رمضان کو نئے چاند کے نظر آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
یعنی اس مرتبہ 29 کی بجائے 30 روزوں کا امکان زیادہ ہے اور عید الفطر 14 مئی بروز جمعہ کو ہوسکتی ہے تاہم اس کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا جو 12مئی کو منعقد ہوگا۔
خیال رہے کہ سرکاری سطح پر چاند کی رویت کا اعلان کرنے کا اختیار رویت ہلال کمیٹی کو حاصل ہے۔
مزید پڑھیں: 'پاکستان میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ 14 اپریل کو ہوگا'
تاہم گزشتہ 2 برسوں سے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، رمضان سے کافی پہلے ہی چاند نظر آنے کی تاریخ کا اعلان کردیتے تھے، البتہ رواں برس رمضان المبارک کے چاند کا قبل از وقت اعلان وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پلیٹ فارم سے کیا گیا تھا۔
پاکستان میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے چاند کے معاملے پر تقریباً ہر سال تنازعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے ہر سال مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلانات کے برعکس ایک دن قبل ہی چاند دیکھنے کا اعلان کیا جاتا رہا ہے۔
تاہم رواں برس کئی دہائی بعد ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان المبارک کا آغاز ہوا تھا۔